سندھ طاس پر پاکستانی موقف عالمی سطح پر تسلیم، پانی پر ہاتھ ڈالا تو کاٹ دینگے : عطا تارڑ ، مصدق ملک
معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا ، یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والا بین الاقوامی معاہدہ ہے حق اور انصاف کیلئے ڈٹ جانا پاکستان کی روایت ، اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرینگے :پریس کانفرنس
اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور بین الاقوامی برادری نے اس معاہدے کی قانونی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت بخشی ہے ۔ ہم اعلان کر چکے ہیں جو پانی پر ہاتھ ڈالے گا تو ہاتھ کاٹ دیں گے ، پاکستان واضح کر چکا ہے کہ اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کہ حق اور انصاف کے لیے ڈٹ جانا پاکستان کی روایت ہے اور ملک اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والا ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے ، جس کی قانونی حیثیت مسلمہ ہے ۔عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے آبی وسائل کے ماہرین شریک ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھایا گیا ہے اور پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر چکا ہے جبکہ ملک کی معیشت اور لاکھوں افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے جس کا انحصار پانی پر ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اعلان کر چکے ہیں جو پانی پر ہاتھ ڈالے گا تو ہاتھ کاٹ دیں گے ، پاکستان واضح کر چکا ہے کہ اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔