پاسپورٹس کی نئی عالمی درجہ بندی، پاکستان پھر نچلے نمبروں پر
سنگاپور کا پاسپورٹ ایک بار پھر طاقتور ترین قرار ،امریکی 10 ویں نمبر پرآگیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 2026کی دوسری ششماہی کیلئے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان ایک بار پھر نچلے نمبروں پر موجود ۔ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جولائی سے دسمبر 2026 کیلئے جاری کردہ فہرست میں ایشیائی ملک سنگاپور کے پاسپورٹ کو ایک بار پھر طاقتور ترین قرار دیا گیا ہے اور اس کے پاسپورٹ ہولڈر 192 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔دوسرے نمبر پر بھی 3 ایشیائی ممالک متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں ۔تیسرے نمبرپر یورپی ملک سویڈن،چوتھے نمبر پر موجود بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی ، ناروے ، نیدرلینڈز، ناروے اور سپین کے پاسپورٹ ہولڈرز کو 186 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے ۔
یونان، آسٹریا، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے تاہم امریکی پاسپورٹ 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا جو کسی زمانے میں دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ سمجھا جاتا تھا۔کمپنی کے مطابق متحدہ عرب امارات اب دوسرے نمبر پر ہے ۔پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا اور اس کا 100 واں نمبر ہے اور اس کے پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے 30 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے ،پاکستان سے اوپر یمن 99 ویں، صومالیہ 98 ویں،، نیپال 97 ویں، شمالی کوریا اور بنگلا دیش 96 ویں، فلسطین ، ایران 95 ویں، اریٹیریا 94 ویں جبکہ سری لنکا اور لیبیا93 ویں نمبر پر موجود ہیں۔تاہم پاکستان سے نیچے عراق (101)، شام (102)اور افغانستان (103)نمبر پر رہے ہیں۔