راولپنڈی:حکام کا چھاپہ ،نان کسٹم پیڈ 28 ہیوی بائیک برآمد
کسٹم حکام نے سرکلر روڈ پر کارروا ئی کی ،شو روم مالک گرفتار نہ ہو سکا ہیوی بائیک کی سمگلنگ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کو ششیں جا ری
راولپنڈی (احمد بھٹی)کسٹم حکام نے راولپنڈی میں نان کسٹم پیڈ ہیوی بائیک کی سمگلنگ اور فروخت میں ملوث بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ۔حکام نے کروڑوں روپے مالیت کے 28 موٹر سائیکل قبضہ میں لے لیے ۔گزشتہ روز کسٹم انسپکٹر محمد اظہر کی سربراہی میں سرکلر روڈ پر ریڈ کیا گیا جس کے دوران بڑی تعداد میں شو روم سے موٹر سائیکل بر آمد کر لیے گئے ، کسٹم حکام نے مالک شو روم علی خان کی گرفتاری کے لئے اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا لیکن وہاں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ملزم گرفتار نہ ہو سکا ۔ کسٹم ذرائع کے مطابق ملزم نان کسٹم پیڈ ہیوی موٹر سائیکلوں کی سپلائی چین کا اہم رکن ہے ۔ نان کسٹم پیڈ ہیوی بائیک کی سمگلنگ اور فروخت میں ملوث نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے کو ششیں جا ری ہیں ۔