ہائیکورٹس میں ججزتقرری کیلئے انٹرویوز کا شیڈول جاری
لاہور ہائیکورٹ کیلئے 16 اور 17 ، سندھ ہائیکورٹ کیلئے 14 اور 15 جولائی کوانٹرویو اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس کے امیدواروں کے انٹرویوز 13 جولائی کو ہونگے
لاہور (کورٹ رپورٹر) ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔ شیڈول کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے لیے24امیدواروں کو 16اور 17 جولائی کو انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا ہے ۔جاری شیڈول کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز 13 جولائی کو ہوں گے ، جبکہ سندھ ہائیکورٹ میں ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز 14 اور 15جولائی کو لیے جائیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جج کے عہدے کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز 16 اور 17 جولائی کو ہوں گے ، جن میں مجموعی طور پر 24 امیدوار شریک ہوں گے ۔اعلامیے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس سید حسن اظہر رضوی کریں گے ، جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سینئر ترین چیف جسٹس ہونے کے باعث تمام انٹرویو کمیٹیوں کی رکن ہوں گی۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے ۔ انٹرویو کمیٹیوں میں اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان بھی بطور رکن شامل ہوں گے ، جبکہ سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون کو بھی کمیٹیوں کا رکن مقرر کیا گیا ہے ۔