پنجاب حکومت اور امریکا کا ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری سے ملاقات الحمرا آرٹس کونسل او رامریکی فنکاروں میں مشترکہ پارٹنرشپ پربھی تبادلہ خیال
لاہور (دنیا نیوز)وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکن قونصلیٹ لاہور کا کلچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے گزشتہ روز ملاقات کی ۔ امریکی قونصل جنرل نے پنجاب فلم سٹی کے قیام اور پنجاب میں تھیٹر ریوائیول کیلئے اقدامات کو سراہا،اس موقع پر لاہور میں امریکی فنکاروں اور الحمرا آرٹس کونسل کے درمیان مشترکہ پارٹنرشپ قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں خواتین،طلبہ اور کسانوں کیلئے تاریخی اقدامات کئے جارہے ہیں، پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار گھر بن رہے ہیں۔ ملاقات میں وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکی قونصلیٹ لاہور کے درمیان ثقافت، فنون اور تخلیقی سرگرمیوں کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔