پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،پٹرول 13.18اور ڈیزل13.80روپے مہنگا
پٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی 323 روپے 30 پیسے فی لٹر مقرر ،مٹی کا تیل 11 روپے 19 پیسے ،جیٹ فیول بھی مہنگا پٹرول پر لیوی میں 9 روپے 64 پیسے اضافہ ،70 روپے 36 پیسے سے بڑھا کر 80 روپے مقرر، ہائی اوکٹین پر105 روپے فی لٹر ہوگئی،ڈیزل پر برقرار
اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی ، اسلم لڑکا) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔جمعہ کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لٹر مقرر دی گئی جبکہ پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا اور یہ آئندہ ایک ہفتے تک مو ثر رہیں گی۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل بھی 11 روپے 19 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 242 روپے 33 پیسے فی لٹر مقرر ہوگئی ۔ حکام کے مطابق عالمی مارکیٹ کا اثر پاکستان میں آیا ہے لیکن ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ۔ پٹرولیم ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق پٹرول پر لیوی میں 9 روپے 64 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا اور اب پٹرول پر لیوی 80 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے جو اس کی سب سے زیادہ شرح ہے ۔ حکومت 80 روپے فی لٹر سے زیادہ لیوی عائد نہیں کر سکتی۔ اس سے قبل پٹرول پر لیوی 70 روپے 36 پیسے فی لٹر تھی۔ اسی طرح ہائی اوکٹین پر بھی لیوی میں 9 روپے 64 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ۔ ہائی اوکٹین پر لیوی کی شرح 105 روپے فی لٹر کر دی گئی ۔ اس سے قبل ہائی اوکٹین پر لیوی 95 روپے 36 پیسے فی لٹر تھی۔ ڈیزل پر لیوی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ڈیزل پر فی لٹر 70 روپے 82 پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے ۔ اس کے علاوہ پٹرول اور ڈیزل پر پانچ، پانچ روپے فی لٹر کلائمیٹ لیوی بھی عائد ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے مٹی کا تیل بھی مہنگا کر دیا ۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 19 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 242 روپے 33 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی جبکہ اس کی پرانی قیمت 231 روپے 14 پیسے فی لٹر تھی۔ اسی طرح جیٹ فیول بھی مہنگا کر دیا گیا ۔ جیٹ فیول کی قیمت میں 6 روپے 25 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ۔ جیٹ فیول کی نئی قیمت 237 روپے 97 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی جبکہ اس کی پرانی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لٹر تھی۔