پاک امریکا تجارتی معاہدہ کیلئے مذاکرات میں اختلافات دور : دفتر خارجہ
ماحول خوشگوار رہا، ہم آہنگی پیدا کی تاکہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جا سکے :ترجمان
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے کی جانب پیش رفت ہوئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرانی نے بتایا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے جن میں فریقین نے اختلافات دور کیے اور ہم آہنگی پیدا کی تاکہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جا سکے۔ یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب 1974 کے ٹریڈ ایکٹ کی سیکشن 122 کے تحت عائد کردہ 10 فیصد عارضی امریکی ٹیرف اس مہینے کے آخر میں ختم ہونے والے ہیں، اور دونوں فریقین عارضی تجارتی اقدامات کے سلسلے کو ایک زیادہ مستحکم دو طرفہ فریم ورک سے بدلنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان، امریکہ کواپنی برآمدات پر کم ڈیوٹی کا خواہاں ہے ، یہ مذاکرات ایک سال سے زائد عرصے پر محیط امریکی تجارتی اقدامات اور قانونی چیلنجوں کے بعد ہوئے ہیں جنہوں نے بار بار پاکستانی برآمدات کے لیے ٹیرف کے منظر نامے کو تبدیل کیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ سیکرٹری تجارت جواد پال نے پاکستان کے وفد کی قیادت کی اوربات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے مذاکرات کے دوران ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔