ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ پی آئی اے کے سی ای او مقرر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے )نے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ تولدے گیبریماریم کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ،یہ تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب قومی فضائی کمپنی اپنے آپریشنز کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کی تقرری سے عارف حبیب گروپ کی قیادت میں قائم کنسورشیم کی پی آئی اے کی بحالی کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے ۔دسمبر میں نجکاری سے قبل پی آئی اے کئی سالوں میں 2.8 ارب ڈالر سے زائد کے خسارے کا شکار ہو چکی تھی۔عرب خبر رساں ادارے کے رابطہ پر پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ تولدے گیبریماریم کو ایئرلائن کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،تاہم پی آئی اے اس وقت تک ان کے نام کا باضابطہ اعلان نہیں کرے گی جب تک تمام سکیورٹی کلیئرنس مکمل نہیں ہو جاتیں۔ پی آئی اے کے ایک بڑے شیئر ہولڈر نے تصدیق کرتے کہا ہے کہ تولدے گیبریماریم کوملازمت دے دی گئی ہے ۔یہ پیش رفت پاکستان کی جانب سے ایک ہفتہ قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (PIACL)کی نجکاری کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے ۔ واضح رہے تولدے گیبریماریم کی قیادت میں ایتھوپین ایئرلائنز افریقہ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی بن گئی تھی۔