جماعت اسلامی کا آزادکشمیر میں قیام امن کیلئے گرینڈ جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ
امن جرگہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے گا:حافظ نعیم الرحمن آزاد کشمیر کے حالات سے مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا:اجلاس سے خطاب
لاہور(این این آئی،آن لائن)جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر میں امن کے قیام کیلئے گرینڈ جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا،یہ اعلان امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امن جرگہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے گا،مذاکراتی عمل کیلئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی، کمیٹی میں امیر جماعت اسلامی کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، عبدالرشید ترابی اور ڈاکٹر خالد محمود شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، حکومت ہر صورت مذاکرات کا آغاز کرے ، آزاد کشمیر کے حالات سے مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جرگہ کمیٹی میں سابق ججز، عسکری شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شامل کیے جائیں گے ،مذاکراتی کمیٹی جلد راولاکوٹ کا دورہ کرکے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے براہ راست مذاکرات کرے گی، مظاہرین کے اعتراضات جائز ہیں مگر مہاجرین اور مقبوضہ کشمیر کی نمائندگی پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، 12 سیٹوں کے مسئلہ پر بات چیت ضرور ہوگی اور اس کا کوئی قابل عمل حل بھی نکل آئے گا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمران جان لیں کوئی بڑا چھوٹا نہیں ہوتا، ضد اور انا کو ایک طرف کیجیے ، پاکستان مزید داخلی دشمنیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، آزاد کشمیر میں مزید خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتے ۔