ٹانک :پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا، 2اہلکار شہید، 2زخمی
ٹانک،پشاور،اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید اوردو زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے فقیرنی میں ہونے والے دھماکے میں اے ایس آئی فرید اور کانسٹیبل اختر زمان شہید ہو ئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ٹانک دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔ علاوہ ازیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹانک حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکار وطن کے امن کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دے رہے ہیں، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم پاکستان دشمن دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ پورے ملک سے ان دہشت گرد گروہوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ قوم پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔بے گناہ شہریوں کی شہادت کا بدلہ لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments