آزاد کشمیر: کالعدم ایکشن کے مسلح افراد کے فورسز پر حملے، 2 اہلکار شہید ، 12 زخمی
راولاکوٹ متیالمیرہ بس ٹرمینل کے قریب شہری آبادی پر فائرنگ ، رینجرز پہنچی تو اسے بھی نشانہ بنایا ، 1 اہلکار زخمی بیٹھک بلوچ کے مقام پر کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ سے کانسٹیبل عاقب شہید ، 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے
اسلام آباد، مظفرآباد (دنیا نیوز، اے پی پی ، مانیٹرنگ ڈیسک ) کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے راولاکوٹ میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملہ کردیا۔فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا ، جبکہ بلوچ میں فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید جبکہ 8 اہلکار زخمی ہوگئے ،فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکاراورمحکمہ پی ڈبلیو ڈی کے دو ملازمین بھی زخمی ہوئے ۔مسلح جتھوں نے مذموم ایجنڈے میں ناکامی کے بعد منگل کی صبح متیالمیرہ بس ٹرمینل راولاکوٹ کے قریب شہری آبادی پرفائرنگ کی۔فائرنگ کا مقصد عوام کو اشتعال دلانا اور دھرنے میں جان پیدا کرنا تھا ،بزدلانہ کارروائی کے بعد پولیس نے امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پیش قدمی کی تو مسلح جتھوں نے پولیس کو آٹومیٹک ہتھیاروں اور گولہ بارود سے نشانہ بنایا۔پولیس کی مدد کے لئے تعینات رینجرز کی نفری بھی امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے موقع پر پہنچ گئی۔ جس پر مسلح جتھے نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر نہ صرف جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی بلکہ خودساختہ دھماکہ خیز مواد بنا کر بھی استعمال کیا۔ مسلح جتھوں کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔ آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری داخلہ چودھری گفتار حسین نے موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ 38 روز سے آزاد کشمیر میں امن و امان اور معمولاتِ زندگی کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ طلبہ، خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ،چودھری گفتار نے کہا کہ تمام شاہراہوں کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا۔
سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ جدید ترین ہتھیاروں اور بارودی مواد کا استعمال کالعدم کمیٹی کے نام نہاد پُرامن بیانیے کی مکمل نفی کرتا ہے ۔ ترجمان آئی جی پولیس کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کارندوں نے کوٹلی، تراڑکھل شاہراہ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد و رفت معطل کر رکھی تھی ،شاہراہ کی بندش کے باعث عام شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی تھی ،عوامی مشکلات کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوٹلی، تراڑکھل شاہراہ پر ٹریفک کی روانی اور اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کے لئے کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا ،بیٹھک بلوچ کے مقام پر کلیئرنس آپریشن کے دوران کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ کی ، فائرنگ کے نتیجے میں آزاد کشمیر پولیس کا کانسٹیبل عاقب شہید ہو گیا ،وا قعہ میں آزاد کشمیر پولیس کے 8 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ (FC) کا ایک اہلکار اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے دو ملازمین بھی زخمی ہوئے ،قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور شاہراہوں کی بحالی کے لئے تمام ضروری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ،خطے میں پائیدار امن، قانون کی عملداری اور شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔کسی بھی انتشاری یا مسلح گروہ کو شاہراہیں بند کر کے عوام کی زندگی، کاروبار، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو یرغمال بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments