نئے پے سکیلز نافذ، تنخواہوں، الاؤنسز میں اضافہ

نئے پے سکیلز نافذ، تنخواہوں، الاؤنسز میں اضافہ

گریڈ 17 سے 22 افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس منظور، اطلاق یکم جولائی سے ہوگا

اسلام آباد (مدثر علی رانا) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے نئے پے سکیلز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزارتِ خزانہ نے بنیادی تنخواہوں کے پے سکیلز 2022 کی جگہ نئے پے سکیلز 2026 نافذ کر دئیے ۔ سرکاری ملازمین کے پے سکیلز میں ترمیم کا عمل مکمل کر لیا گیا اور نیا فریم ورک فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔گریڈ 1 کے ملازم کی کم از کم بنیادی تنخواہ 13550 سے بڑھا کر 16280 روپے مقرر کر دی گئی ہے ۔ گریڈ 1 کے لیے سالانہ انکریمنٹ 430 روپے سے بڑھا کر 520 روپے کر دیا گیا ۔ گریڈ 16 کے ملازمین کی کم از کم بنیادی تنخواہ 33720 اور زیادہ سے زیادہ 115320  روپے مقرر کی گئی ہے ۔ گریڈ 17 کے افسران کی ابتدائی بنیادی تنخواہ 45070 سے بڑھا کر 54140 روپے کر دی گئی۔گریڈ 22 کے افسران کی کم از کم بنیادی تنخواہ 146770 اور زیادہ سے زیادہ 293350 روپے مقرر کی گئی ہے ۔ایگزیکٹو الاؤنس کے حوالے سے وزارتِ خزانہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا ۔ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران کے لیے پے سکیلز 2022 کے تحت ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی گئی ۔ حکومت نے 30 جون 2026 تک کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر ایگزیکٹو الاؤنس دینے کی منظوری دی ہے۔ افسران کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔

وزارتِ خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کنوینس الاؤنس کی شرح میں یکمشت 50 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں ترمیم کی گئی ہے ۔ گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 1785 روپے سے بڑھا کر 2678 روپے کر دیا گیا ہے ۔ گریڈ 5 سے 10 کے ملازمین کے لیے نیا ماہانہ کنوینس الاؤنس 2898 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 2856 روپے سے بڑھا کر 4284 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے ۔ گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کا کنوینس الاؤنس 5000 روپے سے بڑھا کر 7500 روپے کر دیا گیا ہے ۔ ان نئی شرحوں کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔وفاقی ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزارتِ خزانہ نے معذور وفاقی ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ معذور ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6000 روپے سے بڑھا کر 10000 روپے ماہانہ کر دیا گیا ۔ اس طرح ماہانہ 4000 روپے کا اضافہ کیا گیا ۔ وفاقی حکومت نے معذور سول اور دفاعی ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس بڑھانے کی منظوری دے دی ۔ اضافی کنوینس الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ معذور ملازمین کو یہ رقم عام کنوینس الاؤنس کے علاوہ ادا کی جائے گی۔ وزارتِ خزانہ کے ریگولیشن ونگ نے اس حوالے سے باقاعدہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا ۔وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...