کالعد م ایکشن کمیٹی عوام میں اثرورسوخ نہیں رکھتی : سردار عتیق
بلاول کالعدم کمیٹی کی دہشت گردی اور فارن فنڈنگ سے اچھی طرح آگاہ ہیں انکی کی خواہش تھی کشمیرالیکشن نہ ہوں،’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق ا حمد خان نے کہا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی خواہش تھی کہ آزاد کشمیر میں الیکشن نہ ہوں،لوگ الیکشن میں حصہ نہ لیں ۔ پروگرام’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ، کالعدم ایکشن کمیٹی کوئی رجسٹرڈ ، سیاسی یا سماجی جماعت نہیں ہے ،یہ جماعت عوامی مفاد کو لے کر چل پڑی اورتشدد کا راستہ اپنایا ،توڑٖ پھوڑ کی،14 یا 15لاشیں گرادیں،4ارب کی پراپرٹی کو نقصان پہنچایا، یہ جماعت عوام میں کوئی اثرورسوخ نہیں رکھتی، مجھے یقین ہے لوگ کالعدم کمیٹی سے تھک چکے ہیں،ان کا اب جو بیانیہ آیا ہے ،اس وجہ سے لوگ اس سے نفرت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں یقیناً ٹرن آئوٹ اچھا ہوگا،لوگ ووٹ دینے کیلئے نکلیں گے ،مز ید کہا کہ کشمیر میں جو ایشو بنا ہوا ہے ، اس کو حل کرنے کیلئے حکومت پاکستان نے کوشش جاری رکھی ہوئی ہے ،حکومت پاکستان نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے جائز اور ناجائز مطالبات مانے ، ایشو کو حل کرنے کیلئے اسلام آباد کی حکومت لگی رہی،وقت کے ساتھ ساتھ جب پتا چلا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کا ایجنڈا مسئلے کے حل کرنے کا نہیں ہے تو اس کے خلاف ایکشن لیا گیا،سوال یہ ہے کہ اگر ان کی مقبولیت ہے تو الیکشن میں حصہ لیتے ،اسمبلی میں بیٹھ کر اپنے معاملا ت حل کرتے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو قابل احترام شخصیت ہے ، کالعدم ایکشن کمیٹی کی دہشت گردی اورفارن فنڈنگ سے وہ اچھی طرح آگاہ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments