پولیس کومطلوب نہ ایف آئی اے کو،پھربھی سفری پابندی؟ہائیکورٹ
ایف آئی اے کے مطابق پی این آئی لسٹ میں نام 60روزرکھاجاسکتا،5ماہ ہوچکے سرداریارمحمدرند کانام کیوں نہ نکالا؟اتناوقت پابندی کیسے رکھ سکتے ؟عدالت،فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے سابق وفاقی وزیر سردار یارمحمد رند کی سفری پابندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ جبکہ وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور امیگریشن حکام عدالت پیش ہوئے ،عدالتی ہدایت پر بیرسٹر ظفر اللہ نے کوئٹہ پولیس کا لیٹر پڑھا، جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ متعلقہ پولیس کہہ رہی ہے نہیں چاہیے ، ایف آئی اے کو بھی مطلوب نہیں،جن کو چاہیے تھاان کوبھی اب نہیں چاہیے پھر ابھی تک نام کیوں نہیں نکالا،جس پر ایف آئی اے حکام نے کہاکہ ای سی ایل میں نام نہیں ہے ، صرف پی این آئی لسٹ میں نام ہے جو28 مارچ کو ڈالا گیا، عدالت نے استفسار کیاکہ اس لسٹ میں نام کتنے دن کیلئے ہوتاہے ، اور کب مکمل ہوئی، جس پر ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایاکہ ایک ماہ کیلئے ہوتاہے اور پھر ایک ماہ کی توسیع لینا ہوتی ہے ، عدالت نے استفسار کیاکہ زیادہ سے زیادہ60 روز رکھ سکتے ہیں تو اب جولائی ہے ، کتنے ماہ ہوگئے ہیں، جس پر ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ پانچ ماہ ہوگئے ، ابھی تک ہمیں آفیشلی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی،جسٹس انعام امین منہاس نے ایف آئی اے افسر سے کہاکہ اتنے وقت کیسے آپ رکھ سکتے ہیں کس قانون کے تحت ابھی تک نام لسٹ میں رکھا ہواہے ،ایسے کتنے ہی کیسزہمارے پاس آرہے ہیں، کتنی بار لکھ بھی چکے ہیں،سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments