ہجوم انقلاب نہیں لاسکتا،تبدیلی منظم جدوجہد سے آئیگی:حافظ نعیم
جماعت اسلامی شر اور فساد کے نظام کیخلاف ڈٹ کر کھڑی ہے ، جدوجہد جاری رہے گی :امیر جماعت اسلامی امیر العظیم امید و یقین کا پیکر ،عجزو انکساری کی مثال تھے :سابق سیکرٹری جنرل کیلئے دعائیہ تقریب سے خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اقامت دین کی جدوجہد تمام اہلِ ایمان پر فرض ہے ، جماعت اسلامی زمین پر اپنے آپ کو نعوذ باللہ خدا کی صورت میں پیش کرنے والوں ، ظلم اور فساد کے نظام کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے ، ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، انقلاب ہجوم نہیں بلکہ ایک منظم طاقت ہی لاسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں مرحوم سابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب اور درس قرآن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دعا میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی، نذیر احمد جنجوعہ، وقاص جعفری ،اظہر اقبال حسن، مولانا عبدالمالک، ڈاکٹر فرید پراچہ ، حافظ ادریس ، ضیا الدین انصاری، آصف لقمان قاضی، شکیل احمد ترابی ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن ،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ ، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی، ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا، سابق ایم پی اے احسان اللہ وقاص، علامہ زبیر احمد ظہیر،اظہر بلال، سابق ایم این اے ملک کرامت کھوکھر، انجینئر یاسر گیلانی، سینئر صحافی سلمان عابد و دیگر مکاتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا امیر العظیم امید اور یقین کا پیکر تھے ، ان کی زندگی ہر کارکن جماعت اسلامی کیلئے خاصہ ہے ،وہ عجزو انکساری کی مثال تھے ، انہوں نے اقامت دین کی جدوجہد اور ملک میں مارشل لاء کے خلاف طویل جدوجہد کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا امیر العظیم سمجھتے تھے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کے اس فیز میں داخل ہوگئی ہے جہاں اسے بھرپور طریقے سے عوامی جدوجہد کا آغاز کرنا چاہیے ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ امیرالعظیم کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک میں شر اور فساد کی قوتوں کے خلاف اور حق اور انصاف کے نظام کے قیام کیلئے کوششیں تیز کردیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments