پانچویں روز بھی بارش ، حادثات کے دوران 3 افراد جاں بحق: لاہور گھر کے تہہ خانے سے پانی نکالتے شہری ڈوب گیا
گوجرانوالہ میں 2سالہ بچہ ڈوب کر، قصور میں چھت گرنے سے خاتون دم توڑ گئی، دریائے چناب میں سیلاب 4روز کے دوران لاہور میں سب سے زیادہ 383 ،گوجرانوالہ میں328 ملی میٹربارش ریکارڈ ،آج بھی امکان
لاہور،مصطفی آباد ، اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر،نامہ نگار ،نیوز ایجنسیاں)پنجاب کے مختلف اضلاع میں پانچویں روز بھی بارش،اس دوران مختلف واقعات کے دوران 4اموات،لاہور میں گھر کے تہہ خانے میں جمع بارشی پانی نکالتے ڈوب کر 53 سالہ شہری دم توڑگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے لاہور ، راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 28 جولائی تک مزیدشدید ارشوں کی پیش گوئی کرتے پنجاب، خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہی، سب سے زیادہ بارش فرخ آباد میں 40.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ، گلشنِ راوی میں 34.2، اقبال ٹاؤن میں 15، سمن آباد میں 13.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر میں مجموعی طور پر اوسطاً 8.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بیشتر اضلاع میں گزشتہ4 روز میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں،لاہور میں سب سے زیادہ383 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گوجرانوالہ میں 328،سیالکوٹ 321،نارووال 270،مری 211، حافظ آباد میں 108 ، شیخو پورہ 85 میں 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ادھر لاہور کے علاقہ ڈیفنس بی میں بارش کا پانی مکان کے تہہ خانے میں بھر گیا اوراسے پمپ کے ذریعے نکالتے 53 سالہ ملک اویس پانی میں ڈوب گیا، ریسکیو 1122کی ٹیم نے پانی سے لاش نکال کر ہسپتال منتقل کر دی ۔گوجرانوالہ میں گھر سے ملحقہ کھیتوں میں بارش کے جمع پانی میں ڈوب کر 2سالہ بچہ سلمان جاں بحق ہو گیا ۔قصور کے علاقہ مصطفی آباد میں دفتوہ قلسیاں والی مسجد کے قریب خستہ حال مکان کی چھت گر گئی اور ملبے تلے دب کر بیوہ خاتون بشیراں بی بی جاں بحق،اس کی 20 سالہ بیٹی (ع)شدید زخمی ہوگئی۔
زخمی لڑکی کی جنرل ہسپتال لاہور میں حالت نازک ہے ۔شیخوپورہ میں بارش کے دوران گھر کی چھت پر مٹی ڈالتے لکڑی کی سیڑھی سے گرکر 61 سالہ ارشد محمود دم توڑ گیا ،واقعہ گوجرانولہ روڈ پر واقع تارے والا گاؤں میں پیش آیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 28 جولائی تک لاہور ، جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی شدید بارش اور آندھی کا امکان ہے ، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔ علاوہ ازیں بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہا ؤمیں اضافہ ہوگیا، دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو نے لگی ،مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments