فیلڈ مارشل سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات، دفاعی، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد مضبوط اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر استوار ہے :سید عاصم منیر امریکی وفد نے علاقائی استحکام ،اقتصادی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کو سراہا ،پرتپاک مہمان نوازی پر اظہار تشکر
راولپنڈی،اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ پاک امریکا باہمی تجارت کے فروغ اور اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کی بنیاد مضبوط اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط پر استوار ہے ،پاکستان کاروبار دوست ماحول کی تشکیل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے جامع ساختی اصلاحات پر عمل پیرا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا اورپرتپاک مہمان نوازی پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments