پنجاب کابینہ : بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز، گندم خریداری، ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

پنجاب کابینہ : بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز، گندم خریداری، ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

900 یوسی سیکرٹریز کی بھرتی ، آزاد کشمیر حکومت کو 5 ہزار لیپ ٹاپس دینے ،کچہ ایریا میں نفری کیلئے ہارڈ ایریا الاؤنس پراتفاق آزاد کشمیرنے نواز شریف کی بے مثال قیادت پر مہر تصدیق ثبت کردی:وزیراعلیٰ ،اراکین کی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

 لاہور(سٹاف رپورٹر،نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 36ویں اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز، گندم خریداری، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، مقامی حکومتوں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی جبکہ کابینہ اراکین نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی، کابینہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کی فراہمی اور 900 سیکرٹری یونین کونسل کی بھرتی کی منظوری دی ۔ پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم 4 ہزار 150 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے خریدنے ، آزاد جموں و کشمیر حکومت کو 5 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کرنے اور بینک آف پنجاب میں 3 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے چیف منسٹر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اقدامات کے بجٹ، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے سپلیمنٹری بجٹ اور مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلی ٰ نے ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل تک الیکٹرو بس پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دسمبر تک 1100 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان بھی دہرایا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اپنا کھیت،اپنا روزگار کے تحت 30 ہزار لاٹ کی الاٹمنٹ، لیٹر بھی مل گئے ۔ اپنا کھیت، اپنا روزگار کے تحت ایک لاکھ 71 ہزار نے اپلائی کیا جس میں 60 ہزار کواہل قراردیاگیا۔کچہ کے علاقے میں پولیس کے لئے اسلحہ اور دیگر حفاظتی آلات کے لئے 1.1 ارب اور کچہ ایریا میں تعینات نفری کے لئے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دی گئی ، راولپنڈی رنگ روڈ پر ٹریفک انفورسمنٹ اور امن و امان سے متعلق انتظامی فیصلوں، پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی فنڈ سے متعلق سمری، لاہور اور فیصل آباد واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیوں کی بہتری کے اقدامات کی بھی توثیق کی گئی۔

کابینہ نے پنجاب انڈسٹریز آرڈیننس 2026 میں ترامیم، پنجاب لوکل گورنمنٹ (برتھ اینڈ ڈیتھ رجسٹریشن) رولز 2024، پنجاب اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2026 کے مسودے ، اور میانوالی میں مریم نواز شریف میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں لاہور ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کے قیام اور چیئرمین کی تقرری، مختلف سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر عائد پابندی میں نرمی، نئی بھرتیوں کی متعدد سمریوں، بلوچستان حکومت کو اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی، اشتعال انگیز مقررین کے خلاف پابندی سے متعلق سمری، پنجاب میں چائلڈ لیبر سے متعلق نئے قواعد اور موٹر وہیکل سکریپج و بائی بیک پروگرام سے متعلق قانونی ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔مزید برآں، کابینہ نے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی سمیت مختلف بورڈز اور اتھارٹیز میں تقرریوں اور نامزدگیوں کی بھی منظوری دے دی۔ 34 ویں اور 35 ویں کابینہ اجلاس کی منظوری دی گئی جبکہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور اور پرائیویٹائزیشن کے 36 ویں اور 37 ویں اجلاس کی توثیق کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر میں گندم کی بوائی کی حوصلہ افزائی اور معاونت کی ہدایت کی اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ ایجوکیشن سے منسلک کرنے اور وزیر تعلیم کے ماتحت کرنے کا حکم دیا ، صوبہ بھر میں سر کاری دکانوں کے بارے میں رپورٹ طلب کی ، میٹرک کے امتحانات میں ٹاپ کرنے والی سکول ٹیچر کی بیٹی کو شاباش دی جبکہ میٹرک میں بیٹیوں کی کامیابی کا تناسب 78 فیصد ہونے پرمسرت کا اظہار کیا۔ اجلاس میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ سے متعلق امور طے کرنے کے لئے 4 رکنی وزارتی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاقِ کیا گیا۔ قبل ازیں کابینہ اجلاس میں قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت کو خراج تحسین کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر الیکشن میں فتح سے نوازا۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزاد کشمیر الیکشن میں سادہ اکثریت حاصل ہوئی۔آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف کی بے مثال قیادت پر مہر تصدیق ثبت کردی۔

پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی انویسٹرز کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔ ا چھی فصل کے باوجود گندم کی کمی کا تاثر فکر انگیز ہے ۔دریں اثنا صاف پانی اتھارٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کے دوران وزیراعلیٰ مریم نوازنے صاف پینے کے پانی کی بوتلوں پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں چار اضلاع میں جاری کلین ڈرنکنگ واٹر پائلٹ منصوبے کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعلیٰ نے منصوبے کی روزانہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے بہاولپور، رحیم یار خان اور خوشاب کے ڈپٹی کمشنرز کو عوامی فیڈبیک حاصل کرنے اور پانی کی روزانہ ضروریات کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر جاری ہے جبکہ مزید 1,913 پلانٹس پر جلد کام شروع کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے 1,886 منصوبے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر پینے کا صاف پانی پہنچانا میرا عزم ہے ، پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے ، جہاں پینے کا صاف پانی میسر نہیں، وہاں ہر صورت بوتلوں میں بند پانی پہنچائیں گے ، عوام بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو سر پر پانی لے جاتے دیکھ کر ناقابل بیان تکلیف کا سامنا ہوتا ہے ۔ کلین ڈرنکنگ واٹر محض سہولت نہیں بلکہ عوام کی صحت، سکون اور وقار کی پختہ ضمانت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...