کراچی:ڈاکو ایدھی ہوم سے 65لاکھ لوٹ کر لے گئے
ملازمین کی تنخواہ کیلئے بینک سے رقم آئی ،موٹر سائیکلوں پر سوار 4ڈاکو پہنچ گئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ترجیح ،ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے ،وزیراعلیٰ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ایدھی ہوم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی ایدھی ہوم سہراب گوٹھ پر ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر لے گئے ۔انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ مسلح ڈاکوؤں نے ایدھی سینٹر کے ملازمین سے 65 لاکھ روپے لوٹ لئے ، آج تنخواہوں کا دن تھا تو ملازمین میں تنخواہ تقسیم ہونا تھی، بینک سے رقم نکال کر لائی گئی تودو موٹر سائیکلوں پر سوار 4ڈاکو تعاقب کرتے ہوئے پہنچے اور 65 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران اور پولیس کی نفری پہنچ گئی جنہوں نے واردات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے ، عینی شاہدین کے بیان قلمبند کیے جارہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے ،ملازمین کے مطابق 4 ملزمان ہیلمٹ پہن کر آئے تھے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ ایدھی سینٹر غریبوں اور لاوارثوں کا سہارا ہے ، واقعے کی فوری جانچ پڑتال کرکے ملزمان کو انجام تک پہنچایا جائے ، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments