مذاکرات ناکام،گڈز ٹرانسپورٹرز کی آج سے پہیہ جام ہڑتال

 مذاکرات ناکام،گڈز ٹرانسپورٹرز کی آج سے پہیہ جام ہڑتال

مطالبات پر پیش رفت نہیں ہو ئی، منظوری تک ہڑتال ختم نہیں کرینگے :مالکان حکومت سنجیدہ نہیں:صدرایسوسی ایشن، مزدا ایسوسی ایشن نے بھی حمایت کر دی

لاہور،کراچی(سٹاف رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )وفاق اور سندھ حکومت سے مذاکرات ناکام، گڈز ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کے حق میں آج 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کے فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان کر دیا،پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کردی۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹرانسپورٹرز کے تمام بنیادی مطالبات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا،وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان اور دیگر حکام کے ساتھ مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر کوئی قابل قبول اور حتمی پیش رفت نہیں ہو سکی، آج 8 اگست سے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کا پہیہ غیر معینہ مدت تک جام رہے گا ۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات پر فوری عملی اقدامات کئے جائیں ، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال ختم نہیں ہوگی۔

ادھر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور سندھ حکومت کے مذاکرات بھی ناکام ہو گئے ۔اس حوالے سے اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ مذاکرات میں حکومتی نمائندوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا لیکن سندھ حکومت بھی سنجیدہ نہیں،مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے ، اس لئے آج ہفتہ سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال پر جا رہے ہیں۔دریں اثناء لاہور میں پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ملی لیبر فیڈریشن کے ساتھ الحاق کا اعلان کرتے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ہڑتال کی حمایت کر دی۔ جوہر ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے منی مزدا ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی شیر علی ،سیکرٹری جنرل ملک معروف نے کہا کہ آج سے ہم اپنی گاڑیوں کو کھڑا کرکے کاروبار بند کر رہے ہیں،حکومت جرمانوں اور ٹیکسوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کرے ۔اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل عبدالحمید گجر نے بھی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ یاد رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹروں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اورقیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے نظام ختم کرنے کیلئے اور ٹول ٹیکس میں اضافہ کیخلاف 8اگست سے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...