تجدید نہ کرانے والے ڈاکٹرز کی رجسٹریشن منسوخ کرنیکا فیصلہ
PMDC کی غیر فعال رجسٹریشن والے ڈاکٹر زکو تجدید کیلئے 6ماہ کی مہلت تجدید نہ کرانے والوں کے نام مستقل خارج کر د ئیے جائینگے ، پی ایم ڈی سی
اسلام آباد (ایس ایم زمان)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)نے دس سال یا اس سے زائد عر صہ سے تجدید نہ کرانے والے میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹر ز کی رجسٹریشن مستقل طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، کونسل نے ایسے ڈاکٹر ز کو اپنی رجسٹریشن اور لائسنس کی تجدید کیلئے نوٹس کے اجرا سے چھ ماہ کی مہلت دے دی ہے ۔ذرائع کے مطابق سینکڑوں میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹرز نے کئی برسوں سے اپنی رجسٹریشن کی تجدید نہیں کرائی، جس کے باعث پی ایم ڈی سی کے پاس ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں یا پریکٹس سے متعلق مکمل ریکارڈ موجود نہیں۔پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کونسل کے پاس رجسٹرڈ تمام میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹرز، جن کی رجسٹریشن یا لائسنس غیر فعال ہو چکا وہ نوٹس کے اجرا سے چھ ماہ کے اندر اپنی رجسٹریشن اور لائسنس کی توثیق اور تجدید مکمل کرائیں۔نوٹس کے مطابق یہ اقدام پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ 2022 اور متعلقہ قواعد کے تحت کیا جا رہا ہے ، کونسل نے واضح کیا ہے کہ جو ڈاکٹر مسلسل دس سال یا اس سے زائد عرصے تک اپنی رجسٹریشن کی تجدید کرانے میں ناکام رہیں گے ، ان کے نام پی ایم ڈی سی کے رجسٹر سے مستقل طور پر خارج کر د ئیے جائیں گے ۔پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ریگولیٹری کارروائی سے بچنے کے لیے مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن اور لائسنس کی تجدید یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments