ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن سکیم، وزارتوں سے ملازمین کا ڈیٹا طلب
فوکل پرسن گریڈ 17یا اس سے اوپر کا افسر مقرر، رابطہ تفصیلات فنانس ڈویژن کو دی جائینگی
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی وزارت خزانہ نے وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ سکیم کے تحت یکم جولائی 2024سے بھرتی ہونے والے ملازمین کی فہرستیں تیار کرکے وزارت خزانہ اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس سے تصدیق کرانے کی ہدایت کی ہے ۔وزارت خزانہ نے وزارتوں اور ڈویژنوں کو گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیا ہے جو پنشن سکیم کے نفاذ سے متعلق معاملات میں رابطہ کاری کرے گا۔ فوکل پرسن کا نام، گریڈ، عہدہ، رابطہ نمبر اور ای میل ایڈریس فنانس ڈویژن اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس/اے جی پی آر کے ساتھ شیئر کرنا ہوگا۔احکامات کے مطابق کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو اے جی پی آر کے ساتھ مل کر سکیم کے تحت رجسٹرڈ ملازمین کی تصدیق شدہ اور تازہ ترین فہرست تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
فہرست وزارت، ڈویژن اور محکمے کے ساتھ ساتھ بی پی ایس سکیل کے لحاظ سے مرتب کرکے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں سے ملازمین کے ڈیٹا کی تصدیق کے بعد فنانس ڈویژن کو فراہم کی جائے گی۔ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن سکیم یکم جولائی 2024 سے نافذ العمل ہے اور اس کے نوٹیفائیڈ قواعد بھی احکامات کے ساتھ منسلک کئے گئے ہیں۔ قواعد کے مطابق سکیم کے نفاذ کی ذمہ داری اکاؤنٹنٹ جنرل، فنانس ڈویژن، تمام وزارتوں، ڈویژنوں، محکموں اور ماتحت دفاتر پر عائد ہوتی ہے ۔تمام وزارتیں، ڈویژنز اور محکمے اے جی پی آر اور فنانس ڈویژن کو مکمل تعاون فراہم کریں گے جبکہ رول 6 کے تحت فنانس ڈویژن کو سکیم کے نفاذ کے لئے ہدایات جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے ۔ہر وزارت اور ڈویژن میں ایک دفتر یا سیکشن مقرر کیا جائے گا جو ملازمین کے ڈیٹا کی تصدیق، سرٹیفکیشن اور نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔ وزارتوں اور ڈویژنوں کو اپنے ماتحت محکموں اور دفاتر میں بھی ان اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا جبکہ فنانس ڈویژن کا ایچ آر ایم ونگ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے اداروں اور ماتحت دفاتر کی نگرانی کرے گا۔متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن سکیم پر مکمل اور موثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments