انمول عرف پنکی منشیات کے 3 مقدمات میں بری
کراچی (عبدالحسیب خان) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے منشیات کے مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے 3 مقدمات میں بری کردیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ شریک ملزموں کے پولیس کو دیے گئے بیانات کی بنیاد پر انمول کے خلاف مقدمہ جاری رکھنا بے سود ہے ، ملزمہ کے خلاف کوئی آزاد اور قابل اعتماد ثبوت بھی پیش نہیں کئے گئے ۔ عدالت میں انمول عرف پنکی کے خلاف گزری تھانے میں درج منشیات کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ملزمہ کی وکیل انعم کوثر نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات میں گرفتار شریک ملزم پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، جبکہ انمول کو شریک ملزموں کے بیانات کی بنیاد پر مقدمات میں شامل کیا گیا تھا۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا شریک ملزموں کے بری ہونے کے بعد انمول عرف پنکی کو بھی ان مقدمات میں سزا ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کی 3 مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اسے مقدمات سے بری کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ شریک ملزموں کی جانب سے پولیس حراست کے دوران دیا گیا ایسا بیان جس میں کسی دوسرے شخص کو منشیات فراہم کرنے یا مقدمے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہو، اس دوسرے شخص کے خلاف بنیادی اور قابل اعتماد ثبوت کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ انمول عرف پنکی کے خلاف گزری تھانے میں سال 2020، 2021 اور 2022 کے دوران منشیات کے 6مقدمات درج کیے گئے تھے ۔ ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی۔شہر بھر کے مختلف تھانوں میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف مجموعی طور پر 19 مقدمات تاحال زیر سماعت ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments