14اگست ،ایمان، آزادی، قومی عزم کی علامت ،چیئرمین سینیٹ
پنجاب، سندھ، پختونخوا، بلوچستان، جی بی ، آزاد کشمیر پاکستان کے اتحاد کے رنگ درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے قومی اتحادنا گزیر ، یوسف رضا گیلانی،تقریب سے خطاب
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 14 اگست محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں بلکہ ایمان، آزادی، خودمختاری، جمہوریت اور قومی عزم کی علامت ہے ۔ یہ دن ہمیں اس تاریخی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں قائداعظم محمد علی جناح ؒکی قیادت میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ قومی یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور تحریکِ پاکستان کے بانیان، قائدین ، کارکنان ،مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عالمی برادری میں ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنا کردار مضبوط بنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا مکہ دفاعی معاہدہ سے علاقائی تعاون، باہمی اعتماد اور اجتماعی سلامتی کے لیے نئی راہیں کھلی ہیں۔
انہوں نے کہا پاکستان کو اقتصادی دباؤ، بے روزگاری، توانائی و پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی، صحت، تعلیم اور ادارہ جاتی اصلاحات سمیت پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام ممالک، بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن، باعزت اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بشمول ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی مسلسل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے کہا قائداعظم کا سنہری اصول \'\'ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط\'\' محض قومی شعار نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک عملی رہنما اصول بننا چاہیے ۔قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر پاکستان مونومنٹ، اسلام آباد میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے کہا پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پاکستان کے اتحاد کے رنگ ہیں، ملک کی متنوع زبانیں، ثقافتیں اور روایات کمزوری نہیں بلکہ قومی طاقت ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments