منشیات سے پاک معاشرے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے ،مرادشاہ
کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منشیات کی لت اور نفسیاتی صدمے سے متاثرہ بچوں کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ انہیں تعلیم، ہنر اور ایسے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد اور باعزت افراد بن سکیں۔ یہ بات انہوں نے حاجی سکھیو گوٹھ میں آس فاؤنڈیشن کے تحت یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے قومی پرچم لہرایا، یوم آزادی کا کیک کاٹا ،بچوں، خواتین، خصوصی افراد اور منشیات کی لت سے صحتیاب ہونے والے افراد کے ساتھ یوم آزادی منایا۔صوبائی وزرا مکیش کمار چاؤلہ، طارق تالپور اور سلیم بلوچ ان کے ہمراہ تھے ۔ آس فاؤنڈیشن کے چیئرمین عبدالرحمٰن علانہ، ان کے اہل خانہ اور ڈاکٹر فوزیہ صادق نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا اور انہیں مرکز میں زیر بحالی بچوں اور بچیوں کے لیے فاؤنڈیشن کی خدمات اور کام کے بارے میں بریفنگ دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے زیر بحالی بچوں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور ان کے عزائم جان کر حوصلہ ملا، ان بچوں میں سے کچھ ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں، کچھ انجینئر جبکہ دیگر پاک فوج میں خدمات انجام دینے کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی ذمہ داری علاج اور بحالی تک محدود نہیں، آج ان میں سے کچھ بچوں کو ان کے خاندانوں نے چھوڑ دیا ہے لیکن ہم ان کی بحالی کریں گے ، انہیں تعلیم دیں گے اور اس قابل بنائیں گے کہ وہ معاشرے کے مفید اور باوقار افراد بن سکیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ہر فرد کو کامیابی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے منشیات کی لت اور نفسیاتی صدمے سے متاثرہ افراد کی بحالی کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ سندھ حکومت بحالی مراکز اور سماجی بہبود کی تنظیموں کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام اور آگاہی و انسداد کے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔اس سے قبل وزیراعلیٰ نے چلڈرن پرائمری یونٹ اور چلڈرن ہاف وے ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بچوں، خواتین، خصوصی افراد اور منشیات کی لت اور نفسیاتی صدمے سے صحت یاب ہونے والے افراد سے ملاقات کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments