قومی اسمبلی ،سینیٹ : نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں تر میم اور ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 منظور
بل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے ،وفاقی کابینہ نے بھی ڈیفنس فورسزایکٹ کے مسودہ کی منظوری دیدی چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا ادارہ قائم ہونے کے بعد ہم آہنگی اور بعض انتظامی امور کے حوالے سے یہ قانون سازی ناگزیر تھی:وزیر قانون
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010میں ترمیم کے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے کثرت رائے سے منظور ہو گئے ۔ بل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے ، ایکٹ تیرہ نومبر 2025سے نافذالعمل ہوگا۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 کے مسودے اورنیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پاکستان دفاعی افواج ایکٹ 2026 ، نیشنل کمانڈ اتھارٹی (ترمیمی) بل 2010 کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز کا دفتر قائم ہو گیا ہے اور اس کے اختیارات کی بھی وضاحت کر دی گئی ہے ، ان میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہے ، قانون سازی کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہو گا اور اس میں اگر کوئی ابہام آئے تو صدر مملکت صدارتی حکم سے اسے دور کریں گے اور یہ سارے قوانین میں ہوتا ہے ۔ یہ ایک خالصتاً تکنیکی قانون ہے ، کمانڈ اتھارٹی کے 2010 کے قانون میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا ذکر تھا، اس کی جگہ پر اب چیف آف ڈیفنس فورسز کی ترمیم کی گئی ہے جبکہ ایک جگہ کمانڈر آف سٹرٹیجک فورسز شامل کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments