پنجاب: 15دسمبر سے 15جنوری تک بلدیاتی الیکشن کرانے پر اتفاق
انتخابات آئینی تقاضا :چیف الیکشن کمشنر ،حکومت مرحلہ وار کراناچاہتی:چیف سیکرٹری
اسلام آباد (نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق گزشتہ روز اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد دُرانی ، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ شریک ہوئے ۔ پنجاب حکومت کی طرف سے چار رکنی کابینہ کمیٹی صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کی سربراہی میں شریک ہوئی، جس میں وزیر مائنز اینڈ منرل سردار شیر علی گورچانی ،وزیرزراعت عاشق حسین شاہ اور وزیرتعلیم رانا سکندر حیات شامل تھے ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری پنجاب ، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگرافسران نے بھی شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے اور بلدیاتی حکومتوں کی میعاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کروانے کا پابند ہے۔
پنجاب مشاور تی کمیٹی کے کنوینر صوبائی وزیرلوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے پرعزم ہیں، صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پراسس شروع کرنا ہے اور (Resources)کی مناسب فراہمی کیلئے وقت درکار ہے ،لہذا بلدیاتی انتخابات 15دسمبر 2026 سے 15جنوری 2027 کو کروانا زیادہ مناسب ہے کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات بھی ہوچکے ہونگے اور صوبہ میں دھند (Fog) کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔چیف سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ صوبائی حکومت مذکورہ بالا تواریخ کے دوران صوبہ میں مرحلہ وار انتخابات کروانا چاہتی ہے ،الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت جلد ازجلد پلان مشاورت کیلئے پیش کرے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments