سینیٹ اجلاس کورم کی نذر ، پیر تک ملتوی، سوالات موخر
مشعال یوسفزئی کی بانی کو ہسپتال منتقل نہ کرنے پر حکومت پرتنقید،کورم کی نشاندہی کردی ایس آئی ایف سی قیام سے ملک کو6.24 ارب ڈالر غیرملکی سرمایہ کاری ملی ،وقفہ سوالات
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) ایوانِ بالا کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث پیر کی شام تک ملتوی کر دیا گیا۔ سینیٹ کا اجلاس 30 منٹ کی تاخیر سے پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر منظور کاکڑ کی صدارت میں شروع ہوا۔ وقفۂ سوالات کے دوران متعدد سوالات موخر کر دئیے گئے ۔پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل نہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کورم کی نشاندہی کی اور کہا کہ حکومت ایوان کی کارروائی چلانے میں سنجیدہ نہیں۔ کورم پورا کرنے کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم مطلوبہ تعداد پوری نہ ہو سکی، جس پر اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا گیا۔وقفۂ سوالات کے دوران کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں بتایا کہ پی سی بی خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی کے لیے ہر سال خاطر خواہ فنڈز مختص کرتا ہے ۔ کراچی ہائی پرفارمنس سینٹر کو خصوصی طور پر خواتین کرکٹ کے لیے مختص کیا گیا ہے ، جبکہ ملک بھر کی اکیڈمیز میں پیشہ ور کوچز کی زیرنگرانی سال بھر تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
پی سی بی ہر سال تین سے چار بین الاقوامی دوروں کا انتظام کرتا ہے ، جبکہ انڈر 19 کھلاڑیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ایس آئی ایف سی نے ایوان کو بتایا کہ کونسل کے قیام سے اب تک پاکستان کو تقریباً 6.24 ارب ڈالر کی خالص براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری موصول ہوئی ہے ۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اسی عرصے میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مجموعی آمد 10.41 ارب ڈالر رہی۔ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کی تجاویز کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ رابطے اور سہولت کاری کر رہی ہے ۔وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے بتایا کہ سٹار لنک، ون ویب سمیت متعدد عالمی سیٹلائٹ آپریٹرز نے پاکستانی مارکیٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ سٹار لنک نے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرا لی ہے ۔ پی ٹی اے نے فکسڈ سیٹلائٹ سروسز کا لائسنسنگ فریم ورک تیار کر لیا ہے ، جو حتمی مرحلے میں ہے اور جلد وفاقی کابینہ میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments