زرعی تحقیقی ادارے مزید فعال بنائے جائیں : وزیر اعظم

 زرعی تحقیقی ادارے مزید فعال بنائے جائیں : وزیر اعظم

چھوٹے کسانوں کی معاونت ترجیح،فصلوں کے تخمینوں کیلئے جامع نظام بنائیں بارش، سیلاب متاثرین کی مدد ، تباہ شدہ گھر فوری بحال کریں:شہباز شریف

لاہور(نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے چھوٹے و درمیانے درجے کے کسانوں کو ہر قسم کی معاونت کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی کو یقینی بنانے اور زرعی تحقیق کے اداروں کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے کی اصلاحات اور شعبے کی ترقی کیلئے حکومت کے پالیسی اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے چھوٹے و درمیانے درجے کی کسانوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے سرٹیفائیڈ کمپنیوں کی جانب سے کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنانے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فصلوں کی پیداوار کے قومی سطح پر تخمینوں کیلئے جامع پلان مرتب کرنے اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے زرعی تحقیق کے اداروں کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کسان حکومت کی زرعی شعبے میں جدت کی اصلاحات سے بھرپور استفادہ کریں۔ چین سے گزشتہ برس زرعی تربیت حاصل کرکے واپس آنے والے طلبا و طالبات کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے ۔ انہوں نے رواں سال چین میں زرعی شعبے کی تربیت کیلئے جانے والے طلبا و طالبات کے انتخاب میں میرٹ و شفافیت کو اولین ترجیح دینے اور نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کی اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے انہیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے حکم دیا کہ نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر اور پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کو مزید فعال بنا کر انہیں بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ اجلاس کو وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے زرعی شعبے کی اصلاحات کیلئے اقدامات پر عملدرآمد پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعظم نے ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل اور راستے جلد از جلد مکمل بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا متعلقہ وفاقی وزرا اور سیکرٹریز متاثرہ علاقوں میں جا کر بارشوں سے ہونے والے نقصان کا خود جائزہ لیں اور بحالی کے کام اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے ، مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کی بھی مالی معاونت کی جائے ۔ تمام متاثرہ علاقوں میں اشیا خورونوش اور دیگر امدادی سامان جلد از جلد پہنچایا جائے جہاں اب تک رسائی نہ ہونے سے امدادی سامان نہیں پہنچ سکا۔ وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کو امدادی کارروائیوں کیلئے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...