میر رضا نے آخری 12 گھنٹے کہاں گزارے ، مبینہ معلومات سامنے آگئیں
قرض نہیں ملنے پر پریشان کا شکار تھے ،آخری فوٹیج میں ان کے ساتھ کسی کو نہیں دیکھا گیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میر رضا کے قتل سے قبل کی سرگرمیوں کے حوالے سے مبینہ معلومات سامنے آگئی ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ مقتول نے آخری 12 گھنٹے کہاں گزارے اور کس کس سے ملے جبکہ آخری فوٹیج میں میر رضا کے ساتھ کوئی نہیں دیکھا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس مقام سے میر رضا کی لاش ملی وہاں ان کے ساتھ کوئی نہیں تھا، واقعہ سے ایک روز پہلے 27 جولائی کو شام 5 بجکر54 منٹ پر میررضا شارع فیصل پر احمد راجا نامی شخص سے ملے ، ان کے درمیان 70 سے 80 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی بات چیت ہوئی۔میررضا کو 7بجکر 5 منٹ پر بینک کال میں بہن کے نام پر ایک کروڑ روپے کا قرضہ منظور ہونے کا بتایا گیا۔
میر رضا کی لون کی ایک درخواست بینک مسترد کرچکا تھا، 8 بجکر23 منٹ پر فاروق محمود نے کال کرکے میررضا سے سرمایہ کاری سے معذرت کی۔ میر رضا انویسٹمنٹ کے لیے فاروق محمود کو بھی متعدد بار کہہ چکے تھے ۔میررضا نے رات 11 بجکر50 منٹ پر دوست عبدالرازق کے ساتھ غفار کباب ہاؤس پر کھانا کھایا، رات 12 بجے کال پر صارم سید سے ہنگامی بنیاد پر3 کروڑ روپے کا قرض مانگا اور صارم سید کو مسیج میں بتایا کہ اگر قرض نہیں ملا تو کل کی صبح میرے لیے بہت مشکل ہوجائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ میر رضا نے مبینہ طور پر 2 بجکر23 منٹ پر گھر پر اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کیا، دو بجکر 42 منٹ پر فیس بک، لنکڈ ان اور اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس بند کیے، جس کے بعد ان کی منگیتر نے بے چینی میں 3 بجکر10 منٹ پر کالز اور میسجز کیے لیکن میر رضا نے جواب نہیں دیا۔
منگیتر نے میسجز میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس غائب ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔رپورٹ کے مطابق میر رضا نے 3 بجکر 18 منٹ اپنے اکاؤنٹس سے رقم والدین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی، تین بجکر 42 منٹ پر میر رضا گھر سے اپنی دکان پہنچنے ، وہاں سے سکیورٹی گارڈ کا پستول ساتھ لے گئے ، 3 بجکر52 منٹ پر سکیورٹی گارڈ کا پستول لے کر واپس گھر پہنچے اور 4 بجکر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے نکلے ، 4 بجکر 22 منٹ پر میررضا نے سفر کے دوران اپنا فون آف کرکے باہر پھینک دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقتول مبینہ طور پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے 4 بجکر 35 منٹ پر جائے وقوع پر پہنچے ، رات کو 4 بجکر 38 منٹ پر جائے وقوع کے قریب اکیلے جاتے دیکھا گیا اور ویڈیو لاش ملنے کے مقام سے 100 سے 150 میٹر فاصلے کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments