ٹیکس اصلاحات،اہداف حصول کیلئے مشیر کی خدمات حاصل کرنیکافیصلہ، ماہانہ 20لاکھ تنخواہ
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارت خزانہ نے ٹیکس پالیسی و سٹریٹجی و ٹیکس اصلاحات اورٹیکس اہداف کے حصول کے لئے سپیشل پروفیشنل پے سکیل (SPPS-I)میں مشیر (ایڈوائزر)کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔
ایڈوائزر براہ راست وفاقی وزیر خزانہ کو رپورٹ کریں گے ، ایڈوائزر کی کنٹریکٹ بنیاد پر تقرری کی جائے گی اور سالانہ تنخواہ 2 کروڑ روپے اور ماہانہ تنخواہ 20 لاکھ روپے تک ہو گی ۔ وزارت خزانہ کے مطابق مشیر سٹریٹجک ٹیکس پالیسی امور، اندرونی و بین الاقوامی ٹیکس پیشرفتوں اور مجموعی ٹیکس ڈھانچے کی تنظیم نو ،کارکردگی، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ریونیو میں اضافہ اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے حوالے سے وزیرِ خزانہ اور وزارت کو تجاویز اور سفارشات پیش کریں گے ۔ایڈوائزر کی بنیادی ذمہ داریوں میں براہِ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں میں توازن قائم کرنا، معاشی ترقی اور اندرون و بیرون سرمایہ کاری پر منفی اثرات کے بغیر حکومت کے لیے ریونیو کے ہدف حاصل کرنا اور ٹیکس نیٹ سے باہر یا کم ٹیکس دینے والے شعبوں سے آمدن بڑھانے کے اقدامات کی نشاندہی شامل ہو گی۔
ایڈوائزر ٹیکس قوانین اور گوشوارے کے طریقہ کار کو سادہ بنانے ، ٹیکس کے اخراجات کم کرنے اور ڈیجیٹلائزیشن و ڈیٹا انٹیگریشن کے ذریعے ٹیکس کے نظام کو مضبوط بنانے کا جائزہ لیں گے ۔ مشیر بجٹ سٹریٹجی پیپر کی تیاری میں حصہ لیں گے ، بین الاقوامی ٹیکس رجحانات کا ملکی مالیاتی فریم ورک کی روشنی میں جائزہ لیں گے اور ٹیکس اصلاحات پر متعلقہ فریقین کے مابین اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں کردار ادا کریں گے ۔ وزارت خزانہ نے ایڈوائزر کے عہدے کے لیے معاشیات، پبلک فنانس یا ٹیکس پالیسی میں کم از کم ماسٹرز ڈگری اہلیت رکھی ہے ، جبکہ ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری کے حامل افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پبلک فنانس، ٹیکس پالیسی، ٹیکس ایڈمنسٹریشن یا اکیڈمیا میں کم از کم 15 سالہ تجربہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments