سعودی وزیر کی شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں ، زراعت ، پانی غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کا عزم

 سعودی وزیر کی شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں ، زراعت ، پانی غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کا عزم

مکہ معاہد ہ نے امن کا پیغام دیا،زرعی ماہرین کا وفد جلد ریاض جائیگا، وزیراعظم،ٹیکس اصلاحات مکمل کرنیکی ہدایت سٹراٹیجک شراکت داری بہتر بنائینگے ،نوجوانوں کیلئے تجزیاتی سوچ اہم :عاصم منیر، عبدالرحمن الفضلی،ہارورڈ کے طلبہ سے گفتگو

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر زراعت عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی سے ملاقات کی  اور زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے کہا سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے تینوں ممالک مزید قریب آئے ہیں اور اس معاہدے نے پورے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سٹراٹیجک شراکت دار ہیں، اس لیے اب دونوں ممالک کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے ۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان خصوصاً پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مو ثر استعمال کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان ان امور پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ اس شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے ۔وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سعودی وزیر نے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثنا وزیراعظم نے ایف بی آر کی اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ملکی ترقی کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات کا نفاذ کر رہے ہیں،ٹیکس نظام میں اصلاحاتی اقدامات کے نفاذ کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے ،اصلاحات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ڈیجیٹلائزیشن، پیدا وار کی نگرانی اور خودکار نظام ایف بی آر اصلاحات کے اہم ستون ہیں۔

ایف بی آر میں اچھی شہرت کے گڈز ایویلیویٹرز کی تعیناتی کا عمل خوش آئند امر ہے ، چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی اس حوالے سے کوششیں لائقِ تحسین ہیں۔وزیراعظم نے ٹیکس چوری، سمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مو ثر کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے نیپالی وزیراعظم بالیندر شاہ سے ٹیلی فون کر کے نیپال میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے نیپال کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون اور امداد کی پیشکش کی۔وزیراعظم نے نیپالی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے نیپال کو ہنگامی امدادی سامان بھیج رہا ہے ۔نیپال کے وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے امداد کی فراخدلانہ پیشکش پر بھی اظہار تشکر کیا۔

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان  سٹراٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط کیاجائے گا، پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دریں اثنا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبا شامل تھے ۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتحال، پاکستان کے سکیورٹی منظرنامے اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیاتی سوچ کی اہمیت پر زور دیا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو ایسے ماحول میں اپنا کردار ادا کرنا ہے جو تیزی سے تبدیل اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے ، جبکہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا بھی معاشروں کو متاثر کر رہے ہیں۔ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے تجربات کو شاندار قرار دیا۔ طلبہ نے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت اور مواقع موجود ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...