مریم نواز کا پہلا سپیشل ڈیٹا سنٹر بنانے کا اعلان ، چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی وعوت
پنجاب کو مصنوعی ذہانت (AI)کے میدان میں آگے بڑھانا اولین ترجیح :بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو2026 سے خطاب وزیراعلیٰ کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کی انتظامیہ سے ملاقات،مختلف تجاویز پر غور ،نیپال میں سیلا ب سے تباہی پر افسوس
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کا پہلا سپیشل ڈیٹا سنٹر پنجاب ڈیٹا لیک(Punjab Data Lake)متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور انفراسٹرکچر کے قائدین کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔دورہ چین پر موجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو2026سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام کے مرکز میں ایک ریاستی سطح کا مشترکہ ڈیٹا انجن موجود ہے ، جسے OneMap کہا جاتا ہے ،اس کے ذریعے منصوبہ بندی، زمین سے متعلق تنازعات کے حل اور زیادہ دانشمندانہ شہری ترقی میں مددلی جاسکتی ہے ، ون میپ مربوط سسٹم کے ذریعے حکومت اپنے شہریوں کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھ سکے گی ،ان تمام نظاموں کے پسِ پشت ہم دیگر سسٹم کے ساتھ ساتھ Punjab Data Lake بھی تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا سب سے زیادہ مصنوعی ذہانت (اے آئی )سے مستفید ہونے والا صوبہ ہے ،حکومت ایک خودمختار کلاؤڈ، ڈیجیٹل شناخت، باہمی طور پر مربوط حکومتی نظام اور مصنوعی ذہانت پر مبنی عمل درآمد کا نظام بھی تشکیل دے رہی ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے اپنا مخصوصAI Office قائم کیا ،پنجاب کو مصنوعی ذہانت (AI)کے میدان میں آگے بڑھانا اولین ترجیح ہے ، پنجاب میں چینی کمپنیوں کیلئے بے پناہ مواقع نظر آرہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفد کے ہمراہ معروف چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے (Huawei)کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر انہوں نے سمارٹ سٹی، کمانڈ سنٹر، ہیلتھ کیئر، ایجوکیشن، ایگریکلچر اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ہواوے کے اشتراک کار کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کمپنی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں پنجاب کے 1000 نوجوانوں کو ہواوے ماسٹر ٹرینر کے طور پر ٹریننگ پراتفاق کیا گیا۔ پنجاب کی 300ویمن ٹرینرز کو بھی ہواوے اے آئی ٹریننگ کرائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت کارکردگی، شفافیت، فیصلہ سازی، شہریوں کی خدمات کے معیار اور ٹیکنالوجیز کے بھرپور استعمال کررہی ہیں ، پنجاب میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور مقامی AI ماڈلز تیار کئے جائیں گے ۔ چینی کمپنی ہواوے کے سینئر ایگزیکٹو ہواوے نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے ہواوے پنجاب کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ ادھر مریم نواز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیر اعظم منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کرتے تہنیتی پیغام میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہورہا ہے ۔ دوسری طرف وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے نیپال میں تباہ کن سیلاب کے باعث قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنی تعزیتی بیان میں کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت پنجاب حکومت نیپال حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments