عمران کے علاج کے حکم پر من وعن عمل کیا جائے ،سہیل آفریدی
وفاقی حکومت نے فراڈ کیا،بانی پی ٹی آئی کو رات کے اندھیرے میں ہسپتال پہنچایا گیا عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا عدلیہ،ججز کی توہین کے مترادف ہے
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتوں کی جانب سے عمران خان کے علاج اور طبی سہولیات سے متعلق جاری احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،57ویں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کوان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم وفاقی حکومت نے مبینہ طور پر عدالتی حکم پر عملدرآمد کے بجائے فراڈ کیا اور عمران کو رات کے اندھیرے میں پمز لے جایا گیا، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نگرانی میں بانی کی صحت خراب ہوئی ہے ، جب انہیں گرفتار کیا جا رہا تھا تو وہ مکمل طور پر صحت مند تھے ، سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو گزشتہ آٹھ، نو ماہ سے مسلسل قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں اس نوعیت کا رویہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا،ان کو درپیش صحت کے مسائل بھی اسی صورتحال کا نتیجہ ہیں،وزیراعلیٰ نے عدالتوں سے مطالبہ کیا کہ بانی کے حوالے سے جاری احکامات پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے ،عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا عدلیہ اور ججز کی توہین کے مترادف ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments