پنجاب بھر میں نہم کے نتائج ،لاہور بورڈ میں 53فیصد سے زائد امید وار فیل
گورنمنٹ ہائی سکول شیخوپورہ کے محسن علی اور دانش سکول رحیم یار خان کی سعدیہ قاسم 553 نمبر لے کر پہلے نمبر پر راولپنڈی بورڈ کانتیجہ 37.56فیصد ،فیصل آباد 51.21 ،بہاولپور 38.46 ، ملتان کاکامیابی کاتناسب 52.11فیصد
لاہور(خبرنگار ،نمائندگان ،نیوزایجنسیاں )پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے نہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا ،لاہوربورڈمیں کامیابی کا تناسب 46اعشاریہ 51 فیصد رہاجبکہ 53 فیصد سے زائد طلبہ امتحان پاس کرنے میں ناکام رہے ،لاہور بورڈ کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 80 ہزار 676 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 1 لاکھ 30 ہزار 543 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ ایک لاکھ 50 ہزار 133 امیدوار کامیاب نہ ہوسکے ۔ نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے سرکاری اداروں کے مقابلے میں بہتر نتائج حاصل کئے ۔ نجی اداروں کے ریگولر امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 70اعشاریہ 92 فیصد رہا جبکہ سرکاری اداروں کے ریگولر امیدواروں کی کامیابی کی شرح 39اعشاریہ 98 فیصد رہی۔ یوں نجی اداروں کے امیدواروں کی کامیابی کی شرح سرکاری اداروں سے تقریباً 31 فیصد پوائنٹس زیادہ رہی۔ طالبات نے طلبہ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 54اعشاریہ 62 فیصد جبکہ طلبہ کی کامیابی کی شرح 37اعشاریہ 8 فیصد رہی۔ نجی اداروں کی طالبات کی کامیابی کا تناسب77اعشاریہ 92 فیصد اور طلبہ کی کامیابی کی شرح 26اعشاریہ 99 فیصد رہی۔ سرکاری اداروں میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 48اعشاریہ 13 فیصد جبکہ طلبہ کی کامیابی کی شرح 28اعشاریہ 86 فیصد رہی۔لاہور کے سرکاری سکولز کے صرف 39 فیصد طلبا امتحان پاس کرسکے ،جبکہ 61 فیصد طلبا فیل ہوگئے ،سرکاری سکولز کے 72 فیصد لڑکے اور 52 فیصد لڑکیاں امتحان میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
لاہور بورڈ میں سائنس گروپ میں گورنمنٹ ہائی سکول شیخوپورہ سے محسن علی اور دانش سکول رحیم یار خان سے سعدیہ قاسم 553 نمبر لے کر پہلے نمبر پر رہے ،کریسنٹ کڈز کیمپس علامہ اقبال ٹاؤن سے سارہ سلمان،گورنمنٹ ہائی سکول ننکانہ سے لائبہ نعیم اورکپس سکول شالیمار کیمپس سے محمد حادی 552 نمبر لیکر دوسرے نمبرپر رہے جبکہ کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کے طالبعلم رافع ریان 551 نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہے ،نہم آرٹس گروپ میں آمنہ جمیل نے سب سے زیادہ 580نمبرلیکر پہلی ،حافظہ فاطمہ نے 575نمبرلیکر دوسری اور پرائیویٹ امیدوارعلیزہ نذیر نے 570 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔پوزیشن ہولڈرطالبہ سارہ سلمان نے کہاکہ وہ محنت کا سلسلہ برقرار رکھیں گی اور مستقبل میں ڈاکٹر بنیں گی جبکہ طالبعلم محمد حادی نے کہاکہ یہ کامیابی انکو مستقل محنت کے باعث ملی۔چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر ڈاکٹر بدرالسلام کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال نہم جماعت کے نتائج میں بہتری آئی ہے اور امتحانی نظام میں کی جانے والی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب راولپنڈی بورڈ میں کامیابی کا مجموعی تناسب 37اعشاریہ 56فیصد رہا، مجموعی طور پر 121739امیدوار امتحان میں شریک ہوئے ، ان میں45724 امیدوار کامیاب قرار پائے اور 76015 امیدوار ناکام رہے ۔ ملتان بورڈ میں مجموعی کامیابی کی شرح 52اعشاریہ 11 فیصد رہی۔ امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 40 ہزار 675 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 73 ہزار 301 امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ بہاولپور بورڈ میں کامیابی کی شرح صرف 38اعشاریہ 46 فیصد رہی ۔ساہیوال بورڈ میں کامیابی کا تناسب 43 اعشاریہ 41 فیصد رہا، سرگودھا میں کامیابی کی مجموعی شرح 42اعشاریہ 61 فیصد رہی اور فیصل آباد بورڈ میں کامیابی کا تناسب 51اعشاریہ 21 فیصدرہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments