دہشتگردی : خطرہ پڑوسی ملک سے کم، پڑوسی صوبوں سے زیادہ : مریم نواز
پنجاب پر امن صوبہ ، سکیورٹی و سیفٹی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے اربوں روپے ٹیکنالوجی میں لگائے :وزیراعلیٰ عوام جان و مال کے تحفظ کیلئے میری طرف دیکھ رہے :خطاب، اے آئی حب کا افتتاح ، دورے پر لندن پہنچ گئیں
لاہور،لندن(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ مجھے تھریٹ جو ہے وہ میرے پڑوسی ممالک سے کم اور میرے پڑوسی صوبوں سے زیادہ ہیں،وہاں سے دہشت گردی پنجاب میں آتی ہے ، پنجاب کے اوپر سب کی نظر ہے ، الحمدللہ پنجاب ایک پُرامن صوبہ ہے لیکن جس قسم کی ہم کو تھریٹ کا سامنا ہے ، پنجاب کی سکیورٹی اور سیفٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اربوں روپے ٹیکنالوجی میں لگائے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں پروونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی )حب پنجاب کی ای لانچنگ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالیہ مہینوں میں دہشت گردی کے واقعات بڑھے ہیں، پنجاب کے تمام بین الصوبائی سرحدی علاقوں سے دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے ،اس خطرے سے نمٹنے کیلئے حکومت نے سکیورٹی کے نظام کو جدید بنانے اور چیک پوسٹوں کو مضبوط کرنے پر اربوں روپے خرچ کیے ہیں، جب میں نے وزارت اعلیٰ سنبھالی تو سرحدی علاقوں کی بعض چیک پوسٹوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے پاس دہشت گردوں کے مقابلے میں جدید ٹیکنالوجی موجود نہیں تھی تاہم اب پنجاب کے سکیورٹی نظام میں بھی جدید ٹیکنالوجی شامل کردی گئی ،ان اقدامات کا مقصد سکیورٹی اہلکاروں کو دہشت گردوں کے حملوں سے محفوظ رکھنا اور جانی نقصان کم سے کم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کچے کے علاقے میں جرائم اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو ریاست کی بڑی کامیابی قرار دیتے کہا کہ ماضی میں یہ علاقہ جرائم کا مرکز بنا ہوا تھا جہاں لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کرکے تاوان طلب کیا جاتا تھا،تاہم فوج کی معاونت اور پنجاب و سندھ حکومتوں کے مشترکہ اقدامات سے صورتحال میں بہتری آئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چائلڈ ریپ اور منظم جرائم کا ہرقیمت پر تدارک کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے بچوں کیساتھ زیادتی کے واقعات کا سن کر بہت تکلیف ہوتی ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جرائم میں 70 فیصد تک کمی آچکی ، 10 ماہ کی بچی کے ساتھ زیادتی جیسے واقعات انسانیت پر اعتماد کو متزلزل کرتے ہیں، عوام اپنے اور جان و مال کے تحفظ کیلئے میری طرف دیکھ رہے ہیں ،پنجاب کا ایک یونٹ کی طرح کام کرنا ہماری بڑی طاقت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پروونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر پنجاب حکومت کو خطرات کی بروقت نشاندہی، انٹیلیجنس کے بہتر تجزئیے ، اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور فوری کارروائی میں مدد دے گا ،ایسے اقدامات پنجاب میں امن و امان بہتر بنانے اور پاکستان کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے ۔ مریم نے جذباتی انداز میں کہا کہ پنجاب کے 13 سے 14 کروڑ لوگ خدا کے بعد اپنی حفاظت کیلئے ان کی طرف دیکھتے ہیں اور وہ ان کی جان، مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنائیں گی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے چند ماہ پہلے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے تصور نے عملی شکل اختیار کی ،پاک فوج اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ان کا تعاون قابل تحسین ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہاکہ پنجاب بھر کے سیوریج اور ڈرینج سسٹم کی مکمل درستگی اور بحالی کیلئے اربوں نہیں کھربوں درکار ہیں ،اے آئی انٹیلی جنس ہب کے قیام کے بعد ڈسٹرکٹ میں آرڈینیشن کمیٹی کو ڈیجیٹل الرٹ جاری کریں گے۔ مریم نواز نے کہاکہ بدقسمتی سے بحیثیت قوم ہم سمجھتے ہیں کہ قانون صرف دکھانے کی چیز ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کوئی ہیلمٹ کے بغیر نظر نہیں آتا، بچوں کو روزگار کیلئے گھر سے باہر بائیک پر بھیجنے والی ماؤں کی مجھے پروا ہے ، لاہور میں ٹریفک کیلئے لین ڈسپلن نافذ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لگتا ہے بحیثیت قوم کرپشن سرایت کر چکی، بدقسمتی سے کرپشن کو برائی نہیں روٹین کا حصہ سمجھا جاتا ہے ، جہاں بھی کرپشن ہوگی معاف نہیں کیا جائے گا ،100روپے کی کرپشن بھی ہوئی تو پیچھا کریں گے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے چیریٹی کے عالمی دن پرجاری اپنے پیغام میں انسانیت کی خدمت میں مصروف تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرتے کہا ہے کہ حکومتیں، فلاحی ادارے اور مخیرحضرات مل کر مضبوط اور مہربان معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں ۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز برطانیہ کے نجی دورے پر گزشتہ روز لندن پہنچ گئیں۔ذرائع کے مطابق مریم نواز خصوصی طیارے کے ذریعے لندن پہنچیں جہاں وہ دو سے تین روز قیام کریں گی ،اس دوران وہ اپنی چھوٹی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کریں گی ، دورہ لندن کے دوران مریم نواز کی سیاسی ملاقاتیں متوقع نہیں ہیں ۔ذرائع کے مطابق لندن میں مریم نواز اپنی رہائش گاہ ایون فیلڈ پہنچیں تو وہاں موجود صحافی نے ان سے سوال کیا کہ لاہور کو پیرس بنا دیا ؟ جس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیکھ لو پھر۔صحافی سوال کرتے رہ گئے اور مریم نواز اپنی رہائشگاہ داخل ہو گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments