پاکستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا : شہباز شریف
3ارب کا رسک پول ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دیتا ہے
لاہور(اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 3 ارب روپے کا رسک پول بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسعت دیتا ہے ،اس فیصلے سے کاروباری برادری کو برآمدات کا حجم بڑھانے میں سہولت ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ کیلئے یہ انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کو تقویت دینے کے لیے اصلاحات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ٹیم کی پذ یرائی کی۔انہوں نے کہا کہ تنظیم نو اور اصلاحات کے بعد ای ڈی ایف کی قیادت نجی شعبے کے ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے ،ای ڈی ایف کے پاس موجود تمام سرمایہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے ،یہ اقدامات حکومت پاکستان کے ملکی معیشت کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کے عزم کے عکاس ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے پاکستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا، یہ تمام اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے عزم کی تکمیل کیلئے کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ای ڈی ایف کی تنظیم نو اور اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ای ڈی ایف کے پاس موجود 24 ارب روپے مکمل طور پر کاروباری برادری کی سہولت،سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید انفراسٹرکچر کی مد میں کسی قسم کا خرچہ نہیں کیا جائے گا، ای ڈی ایف میں ملکی معیشت کی ترقی اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے تحقیق، سکلز ڈویلپمنٹ اور مسابقت میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی یورپی مارکیٹ تک رسائی کے لیے خصوصی مراعاتی تجارتی نظام جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments