نئے صوبوں کا معاملہ قومی مشاورت سے حل ہونا چاہیے : شجاعت
یہ کسی جماعت یا گروہ کا مسئلہ نہیں اسکا تعلق بہتر سہولت اور طرزِ حکمرانی سے ہے فیصلہ سیاسی مفادات کی بنیاد پر نہیں بلکہ زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے :بیان
لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ اس اہم قومی معاملے کو سیاسی محاذ آرائی کا موضوع بنانے کے بجائے مل بیٹھ کر سنجیدہ، بامقصد اور نتیجہ خیز مشاورت کی جائے۔ نئے صوبوں کا قیام کسی ایک جماعت، گروہ یا علاقے کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کا تعلق براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے ۔ اس لیے اس معاملے پر فیصلہ سیاسی مفادات یا وقتی نعرے کی بنیاد پر نہیں بلکہ زمینی حقائق اور عوامی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ہونا چاہیے ۔سب سے اہم سوال یہ ہے کہ عوام کو کس نظام سے زیادہ سہولت مل سکتی ہے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر کس طرح بہتر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔
اگر نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی امور بہتر ہوتے ہیں، عوام کو فوری ریلیف ملتا ہے اور حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے تو اس تجویز پر کھلے دل کے ساتھ غور ہونا چاہیے۔ اسی کے ساتھ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے ۔ اگر ہر ڈویژن کو مؤثر انتظامی یونٹ کی حیثیت دے کر اختیارات، وسائل اور فیصلہ سازی کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے تو انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کم کیے جا سکتے ہیں، سرکاری امور میں تیزی لائی جا سکتی ہے اور عام آدمی کے مسائل زیادہ مؤثر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔پاکستان اس وقت مزید سیاسی تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
نئے صوبوں اور انتظامی اصلاحات جیسے بنیادی قومی معاملات کو محاذ آرائی، الزام تراشی اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے نکال کر قومی اتفاقِ رائے کی طرف لے جانے کی ضرورت ہے ۔تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف صف بندی کرنے کے بجائے ایک میز پر بیٹھیں، ماہرینِ انتظامیہ، آئینی ماہرین اور عوامی نمائندوں کی رائے لیں اور ایسا قابلِ عمل نظام تشکیل دیں جو عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے ، انتظامیہ کو مؤثر بنائے اور پاکستان کو مضبوط کرے ۔فیصلہ کسی سیاسی جماعت کی جیت یا ہار کا نہیں ہونا چاہیے ؛ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب عام پاکستانی کو بہتر انتظامیہ، فوری انصاف، بنیادی سہولیات اور اپنے مسائل کے حل کے لیے آسان رسائی حاصل ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments