پیپلزپارٹی کی دو رخی پالیسی کے پیچھے کچھ اور : خواجہ آصف
سرائیکی صوبے کیلئے نرم گوشہ، مزید صوبوں پر سندھو دیش کی بات جتنی لوٹ مار محکمہ صحت میں ہے وہ کہیں اور نہیں ہے :وزیردفاع
لاہور،اسلام آباد (خبر نگار،مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہسرائیکی صوبے کی بات ہو توپیپلز پارٹی نرم گوشہ ظاہر کرتی ہے اور جب 4 کی جگہ مزید صوبوں یا انتظامی یونٹوں کی بات ہوتی ہے تو سندھو دیش کی بات شروع ہو جاتی ہے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی دو رخی پالیسی کے پیچھے کچھ اور دیکھتا ہوں، اختیارات کی منتقلی 18ویں ترمیم کے ذریعے طے ہوئی مگر عمل نہیں ہوا، موجودہ نظام کو اختیارات کے ارتکاز نے متروک بنادیا، صوبے یا انتظامی یونٹ جو مرضی لیبل لگالیں۔
اختیارات کی منتقلی ناگزیر ہے علاوہ ازیں سوشل سکیورٹی ہسپتال ڈسکہ روڈ سیالکوٹ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جتنی لوٹ مار محکمہ صحت میں ہے وہ کہیں اور نہیں، جو کچھ پمز میں ہوا وہ خطرے کی گھنٹی ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کی اپ گریڈیشن فیکٹری ورکرز اور ان کے خاندانوں کیلئے اہم اقدام ہے ، مزدوروں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی انڈسٹری کے ساتھ لاکھوں ورکرز جڑے ہیں ، ورکرز کیلئے اے کلاس سہولت ہونا ضروری تھا، پنجاب میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ، حکومت صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ پمز میں جو ہوا وہ صرف اور صرف کرپشن کی وجہ سے ہوا ، پمز میں بڑا سانحہ ہوا جس کا وزیراعظم نے نوٹس لیا ،پمز میں سب ملے ہوئے تھے ، ہیلتھ ریگولیٹری بھی شامل تھی، اس کی مثال یہ ہے کہ جیسے چوروں کو پولیس میں بھرتی کیا گیاہو، وہاں سوائے مال کمانے کے کچھ نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments