مقبوضہ کشمیر،کم معاوضہ کیخلاف انٹرن ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری

مقبوضہ کشمیر،کم معاوضہ کیخلاف انٹرن ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری

400پر 18گھنٹے ڈیوٹی کیوں ،ماہانہ معاوضہ 12300سے 30000کرنیکا مطالبہ کشمیری ڈاکٹرز کی تنخواہ ، بھارتی ڈاکٹرز سے 3گنا کم کیوں،میر واعظ عمر فاروق،محبوبہ مفتی پاکستان میں ہاؤس آفیسرز کو ماہانہ 232سے 251امریکی ڈالر مل رہے ہیں، ماہرین

 اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) کم معاوضوں کیخلا ف مقبوضہ جموں و کشمیر کے انٹرن ڈاکٹروں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی ،میر واعظ عمر فاروق بھی ڈاکٹرز کی حمایت میں میدان میں آ گئے ،انہوں نے کہا کٹھ پتلی حکومت نوجوان ڈاکٹرز کا معاشی استحصال بند کرے ، کشمیری ڈاکٹرز کی تنخواہ ، بھارتی ڈاکٹروں سے تین گنا کم کیوں ہے ۔ نوجوان ڈاکٹرز ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز کا ماہانہ وظیفہ 12300 روپے سے بڑھا کر 30000روپے کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔احتجاجی ڈاکٹرزنے کہا کہ صرف 400 روپے یومیہ میں بھاررتی سرکار ہم سے 18 گھنٹے ڈیوٹی لے رہی ہے - سات سالوں سے ہماری تنخواہوں میں اضافہ کیوں نہیں کیا جا رہا۔ سیاسی ماہرین کے مطابق پاکستان کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے نوجوان ہاؤس آفیسرز (انٹرنز) کو ماہانہ قریباً 232 سے 251 امریکی ڈالر مل رہے ہیں جو جموں و کشمیر کے انٹرنز کو ملنے والے وظیفے سے تقریباً دو گنا ہیں۔

احتجاجی ڈاکٹرز نے کہا کہ 25000 روپے وظیفے کی منظوری کے باوجود ہماری فائل محکمہ خزانہ میں جان بوجھ کر التوا میں رکھی گئی ہے ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر اور سکمز صورہ میں طبی خدمات مکمل مفلوج ہے ، انٹرنز نے بھوک ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے ۔ جی ایم سی جموں میں نوجوان ڈاکٹروں نے زبردست احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اننت ناگ (اسلام آباد)، بارہ مولہ، راجوری، اور کٹھوعہ کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی انٹرن ڈاکٹرز ڈیوٹیوں سے مکمل غیر حاضررہے ۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا حکومت فوری طور پر انٹرنز کے مطالبات تسلیم کرے ۔ پی ڈی پی چیف محبوبہ مفتی یکجہتی کے لیے رات کے وقت جی ایم سی سرینگر پہنچیں اور دھرنے پر بیٹھے ڈاکٹروں کے ساتھ وقت گزارا اور 7 سے 10 دن کے اندر ڈاکٹروں کی فائل پاس کرنے کا مطالبہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...