زیادہ فالوورز پر بہن کا قتل ،والدین نے بیٹی کو معاف کر دیا
مقتولہ بیٹی، قاتلہ بھی بیٹی،کیسے جیل میں رہنے دوں :والد عدالت میں روپڑا ایڈیشنل سیشن جج نے ملزمہ کائنات کی درخواست ضمانت منظور کر لی، رہائی کا حکم
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)زیادہ فالوورز اور زیادہ رقم ملنے کی تکرار پر بہن کو قتل کرنے کے مقدمہ کا ڈراپ سین ، مقتولہ کے والدین نے عدالت میں بیٹی کی قاتلہ بیٹی کو اللہ واسطے معاف کر دیا ، ایڈیشنل سیشن جج نے ملزمہ کائنات کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ۔ ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ صاحبزادہ نقیب شہزاد کی عدالت میں ٹک ٹاکر ملزمہ کائنات کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری زیر سماعت تھی جس میں مدعی مقدمہ اور اس کی بیوی وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے ۔وکیل نے فاضل جج کو بتایا کہ میاں بیوی نے مقتولہ زوبیہ مناہل کی قاتلہ بیٹی کائنات کو اللہ واسطے معاف کر دیا ہے ،دونوں میاں بیوی کے بیان حلفی عدالت میں جمع کر ائے گئے جس میں کہا گیا کہ وہ مقدمہ کی پیروی نہیں کرنا چاہتے اور انہیں ملزمہ کی درخواست ضمانت منظور ہونے پر اعتراض نہیں ۔فاضل جج کے استفسار پر مدعی مقدمہ عدالت میں پھوٹ پھوٹ کر رو پڑا اور کہا کہ وہ باپ ہے مرنے والی بھی اس کی بیٹی تھی اور جیل میں بند ملزمہ بھی اس کی بیٹی ہے وہ کیسے جگر کے ٹکڑے کو جیل میں بند رکھوا سکتا ہے ۔ فاضل جج نے بیانات حلفی کی روشنی میں ملزمہ کائنات کی درخواست ضمانت منظور کر لی اور اسے ایک لاکھ کے مچلکے پر سنٹر ل جیل سے رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔ تھانہ لدھیوالا وڑائچ میں عبدالشکور کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق اس کی دو بیٹیوں کے درمیان رقم کے لین دین پر جھگڑا ہوا جس پر طیش میں آکر کائنات نے 15 سالہ زوبیہ مناہل کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا تھا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments