گندم، آٹا اور روٹی کی گرانفروشی جاری، حکومتی دعوے بے اثر

 گندم، آٹا اور روٹی کی گرانفروشی جاری، حکومتی دعوے بے اثر

لاہور میں گندم 4750 روپے من، سادہ روٹی 20 سے 25 روپے میں فروخت 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب، آٹے کی سپلائی بلارکاوٹ جار ی :ڈی جی فوڈامجدحفیظ

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ) ہفتے کا آغاز مہنگی گندم، آٹے اور روٹی سے ہوا، گرانفروشی کے باعث مہنگائی کی رفتار نہ رک سکی۔ فوڈ سیفٹی، پرائس کنٹرول اور ضلعی انتظامیہ  کی کارروائیاں بھی گرانفروشی پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ حکومتی دعوے بے اثر ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سرکاری گندم کی قیمت 3800 روپے فی من مقرر ہے ، تاہم ذرائع کے مطابق لاہور سمیت متعدد اضلاع میں گندم 950 روپے اضافی قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے ۔ لاہور میں گندم 4750 روپے فی من کے حساب سے من مانی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے ، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1130 روپے میں دستیاب ہے ۔لاہور سمیت دیگر شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہے ، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2125 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ سادہ روٹی کی مقررہ قیمت 14 روپے کے بجائے 20 سے 25 روپے میں فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق رحیم یار خان میں گندم 4700 روپے ، لاہور میں 4750 روپے ، اسلام آباد میں 4800 روپے اور پشاور میں 4850 روپے فی من کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ۔ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کے مطابق سرکاری گندم کی پسائی کے بعد 10 کلو آٹے کے 2 لاکھ 39 ہزار 668 تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے ۔ پنجاب بھر میں تمام فلور ملیں معمول کے مطابق فعال ہیں اور آٹے کی پسائی مسلسل جاری ہے ۔ مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی اور سپلائی کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں، صوبے میں آٹے کی سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...