سٹرکچر پلان روڈ پرنئی تعمیر سڑک پر گہرا شگاف، زمین دھنس گئی

 سٹرکچر پلان روڈ پرنئی تعمیر سڑک پر گہرا شگاف، زمین دھنس گئی

ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے راستہ ٹریفک کیلئے بند ، مرمتی کام شروع کردیاگیا بوسیدہ سیوریج لائن ٹوٹنے سے سڑک کے نیچے مٹی متاثر ہوئی:ابتدائی رپورٹ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) لاہور میں مون سون کے آٹھویں سپیل کی بارش نے ایک اور نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا پول کھول دیا۔ شادیوال چوک سے واپڈا ٹاؤن مین بلیوارڈ جانے والی سٹرکچر پلان روڈ پر سڑک کے عین درمیان اچانک گہرا شگاف پڑ گیا، جس کے باعث زمین کا بڑا حصہ دھنس گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق زیر زمین بوسیدہ سیوریج لائن بارش کا دباؤ برداشت نہ کر سکی اور ٹوٹ گئی، جس سے پانی نے سڑک کے نیچے موجود مٹی کو متاثر کیا اور سڑک پر گہرا شگاف پڑ گیا۔ چند روز قبل ہی تعمیر ہونے والی سڑک پر شگاف پڑنے کے بعد متعلقہ حکام نے ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے راستہ ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔متاثرہ مقام پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور واسا کی ٹیمیں پہنچ گئیں، جہاں سڑک کے نیچے موجود سیوریج لائن کا جائزہ لینے کے ساتھ مرمتی کام بھی شروع کر دیا گیا۔واضح رہے کہ جوہر ٹاؤن کے قریب مین بلیوارڈ پر گزشتہ چھ برس کے دوران تقریباً 20 مرتبہ سڑک دھنسنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں، تاہم بار بار ہونے والے ان واقعات کے باوجود زیر زمین سیوریج نظام کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ دوسری طرف ترجمان واسا کے مطابق سڑک پر نجی سوسائٹی کا سیوریج کنکشن متاثر ہوا تھا، جس سے شگاف پڑ گیا ۔ یہ سڑک نجی سوسائٹی کی حدود میں واقع ہے ،جو واسا لاہور کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ہے ،نجی سوسائٹی کی سڑک پر پڑنے والے شگاف کو واسا لاہور سے منسوب کرنا درست نہیں ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...