پاکستانیوں کی بے دخلی خارجہ کمیٹی کااظہار تشویش
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی نے بحرین سمیت مختلف مشرق وسطیٰ کے ممالک سے پاکستانی کارکنوں کو نکالے جانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔۔۔
وزارت خارجہ حکام کی درخواست پر حساس معاملات پر تفصیلی بریفنگ کے لیے کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ کردیا گیا۔کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن حنا ربانی کھر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ بحرین سمیت مختلف مشرق وسطیٰ کے ممالک سے پاکستانی کارکنوں کی بے دخلی کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسالک اور فرقوں کی بنیاد پر پاکستانیوں کو نکالے جانے کی اطلاعات بھی انتہائی تشویش ناک ہیں۔حنا ربانی کھر نے کمیٹی کو فراہم کی جانے والی نامکمل بریفنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے سیکرٹری خارجہ کی اجلاس میں عدم شرکت پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ اگر انہیں وزیراعظم ہاؤس جانا تھا تو کمیٹی کو پہلے آگاہ کیا جانا چاہیے تھا۔وزارت خارجہ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ سے پاکستانی کارکنوں کو نکالے جانے کا معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے ۔ اجلاس میں متعلقہ ممالک کے پاکستانی سفیروں نے بھی کمیٹی کو بریفنگ دی، جس کے بعد مزید تفصیلات کے لیے اجلاس کو ان کیمرہ کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments