بہاولپور کوخودمختار صوبہ بنایا جائے :پرنس بہاول عباس
ماضی میں آواز دبانے کے لیے سیاسی رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں صوبہ بحالی کی تحریک کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جائے گا
رحیم یار خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،دنیا نیوز) پرنس بہاول عباس خان عباسی نے میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور کو کسی دوسرے انتظامی یونٹ میں ضم کرنے کے بجائے ایک باقاعدہ’ خودمختار صوبے کی حیثیت دی جائے جس کیلئے انہوں نے منظم اور بھرپور تحریک کے آغاز کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ صوبہ بہاولپور لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ مساوات’ انصاف اور عوامی فلاح کے اصولوں پر قائم ہوگا جہاں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد چاہے وہ امیر ہوں یا غریب سب کو یکساں حقوق اور مواقع حاصل ہوں گے ۔ ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی نے مزید کہا کہ بہاولپور صوبہ کے خاتمے سے سب سے زیادہ نقصان غریب عوام اور عباسی خاندان کو ہوا اور ماضی میں اس آواز کو دبانے کیلئے سیاسی سطح پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے نواب صادق خان عباسی کو گورنر جنرل بننے کی پیشکش اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست بہاولپور کی قیادت نے ہمیشہ اصولوں اور قومی مفاد کو ترجیح دی اور پاکستان کے لیے ان کی خدمات اور قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کی تحریک کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جائے گا اور اسے ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا تاکہ عوام کو ان کا جائز حق دلایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments