شہری کو آف لوڈ کرنے کیخلاف درخواست خارج

شہری کو آف لوڈ کرنے کیخلاف درخواست خارج

ہائیکورٹ کا اقدام دائرہ اختیار میں نہ ہونے کا قرار، متعلقہ عدالت سے رجوع کی اجازت وفاقی ادارہ ہونے پر کسی ہائیکورٹ کو اسلام آباد میں کارروائی کا اختیار نہیں:عدالت

لاہور (کورٹ رپورٹر، دنیا نیوز) اسلام آباد ایئرپورٹ پر شہری کو آف لوڈ کرنے کے خلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ نے علاقائی دائرہ اختیار نہ ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ جسٹس منور اقبال دوگل نے قرار دیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیا گیا اقدام لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔عدالت نے قرار دیا کہ محض متعلقہ ادارہ وفاقی ہونے کی بنیاد پر کسی ہائیکورٹ کو اسلام آباد میں کیے گئے اقدام کے خلاف کارروائی کا غیر محدود اختیار حاصل نہیں ہو جاتا۔ اگر ایسا اختیار تسلیم کر لیا جائے تو آئین کے آرٹیکل 199 میں ہائیکورٹس پر عائد علاقائی پابندی غیر مؤثر ہو جائے گی۔فیصلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 199 ہائیکورٹ کو غیر معمولی آئینی اختیار دیتا ہے ، تاہم اس اختیار پر علاقائی حدود کی پابندی عائد ہے ۔ پنجاب میں درخواست گزار کی رہائش بھی لاہور ہائیکورٹ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیے گئے اقدام کی سماعت کا اختیار نہیں دیتی۔ صرف اس صورت میں رہائش متعلقہ ہو سکتی ہے جب کسی وفاقی حکم یا مسلسل پابندی کے پنجاب میں اثرات مرتب ہو رہے ہوں۔عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے پیش کیے گئے ایان علی کیس کے حوالے کو موجودہ معاملے سے مختلف قرار دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ درخواست خارج کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر شہری کو آف لوڈ کرنے کے اقدام کو قانونی یا غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ۔ درخواست گزار متعلقہ علاقائی ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے ، جہاں آف لوڈ کیے جانے کے اقدام کی قانونی حیثیت کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...