جناح ہاؤس کیس:حماد اظہر کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پی ٹی آئی رہنما کی بازیابی کیلئے والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا حماد اظہر 48 کیسز میں مطلوب، 17 دہشت گردی کے مقدمات:ذرائع
لاہور(کورٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کو 20 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اکرم نے کیس کی سماعت کی ،پولیس نے حماد اظہر کو ہتھکڑیاں لگا کر اور چہرے پر کپڑا ڈال کر انتہائی سخت سکیورٹی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت پیش کیا ،پیشی کے موقع پر سکیورٹی وجوہات اور ضابطے کی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے تمام میڈیا پرسنز اور صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیاگیا ۔ فاضل جج نے فریقین اور وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم حماد اظہر کو 20 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کر لی ۔ قبل ازیں حماد اظہر کی والدہ نے قانون دان بیرسٹر ابوزر سلیمان کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں حبسِ بے جا کی درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور دیگر متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام کو فریق نامزد کیا گیا، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حماد اظہر کو کسی بھی قانونی جواز کے بغیر حراست میں رکھا جا رہا ہے جو آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے ، ان کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے اور عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے ۔دوسری جانب حماد اظہر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر جناح ہاؤس حملے کے مرکزی مقدمے 96/23 میں بھی نامزد ملزم ہیں ، وہ مجموعی طور پر 48 مقدمات اورلاہور پولیس کو 18 مقدمات میں مطلوب ہیں، 17 دہشت گردی کے مقدمات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments