مریم کا دہشتگردی پر بیان متعصبانہ، معافی مانگیں:بیرسٹر گوہر
وزیراعلیٰ کے علاوہ کوئی اور بیان دیتا تو ایف آئی آر کٹ جاتی:چیئرمین پی ٹی آئی صوبوں کے قیام کیلئے متنازعہ قانون سازی نہیں ہونی چاہئے :میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے انڈیا اور ‘را’کا ہاتھ ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کا دہشتگردی سے متعلق بیان متعصبانہ اور قابل مذمت ہے ، وزیراعلیٰ کے علاوہ کوئی اور ایسا بیان دیتا تو ایف آئی آر ہو چکی ہوتی،مریم نواز کو دہشتگردی سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی پر قومی سیاسی قیادت کو سنجیدہ رویہ رکھنا چاہیے ، اس معاملے پر پوائنٹ سکورنگ ہونی چاہئے نہ سیاسی بیانات۔ سویلینز اور افواج قربانیاں دے رہے ۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام سنجیدہ معاملہ ہے ، اس پر بحث ہونی چاہیے لیکن صوبوں کے قیام کیلئے متنازعہ قانون سازی نہیں ہونی چاہئے ،عوام کی مرضی کے بغیر سندھ تقسیم ہوا تو وفاق کمزور ہوگا۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں عوام کی مرضی کے بغیر تقسیم سے پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، ایسے تجربات نہ کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب نئی پارلیمان آ جائے تو وہ صوبوں کے معاملات کو دیکھے ، اٹھارہویں ترمیم جیسی مشاورت ہونی چاہئے ، جلد بازی میں صوبوں کے قیام کا فیصلہ وفاقی کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔ مذاکرات سے متعلق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات پہلے بھی پیشکش کی حد تک رہے لیکن مذاکرات کے معاملے پر پیش رفت ہونی چاہئے ، خود سے کچھ کریں گے تو عوام کا سیلاب آئے گا،سندھ کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے وزیراعلیٰ پختونخوا کا بھرپور استقبال کیا اور کراچی میں رکاوٹوں کے باوجود باہر نکلے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments