صوبوں کی تقسیم سے پہلے ملک میں امن قائم کریں:فضل الرحمن

صوبوں کی تقسیم سے پہلے ملک میں امن قائم کریں:فضل الرحمن

جاگیردارانہ و جابرانہ سیاست چلے گی نہ ڈمی نمائندے عوام پر مسلط کیے جا سکتے

 لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام یوم ختم نبوت کے سلسلے میں سالانہ ختم نبوت کانفرنس وحدت روڈ کرکٹ گراؤنڈ سمن آباد میں ہوئی، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، دینی و سیاسی قائدین اور شہریوں نے شرکت کی۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک مضبوط اور اسلامی عادلانہ پاکستان چاہیے ، ملک کو سیاسی طور پر کمزور کیا گیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ماضی میں مارشل لا لگتے رہے ۔ 80 سال بعد صوبوں کو تقسیم کرنے کا خیال آیا ہے ، پہلے ملک میں امن قائم کیا جائے ۔سیاسی ،انتظامی اور صوبوں سے متعلق تمام فیصلے عوام اور ان کے حقیقی نمائندوں کو کرنے چاہئیں، جاگیردارانہ اور جابرانہ سیاست چلے گی نہ ڈمی نمائندوں کو عوام پر مسلط کیا جا سکتا، سیاسی جماعتوں کو ملک کی موجودہ صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا، لیکن ہم قوم کو ایک قوم نہ بنا سکے ، بنگالی عوام کا اعتماد توڑا گیا جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش وجود میں آیا۔ فاٹا انضمام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام سے پوچھے بغیر فیصلہ مسلط کیا گیا، آج اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے سود کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیااور کہا کہ دینی مدارس کے نصاب کو یکساں کرنے کے بجائے مزید تقسیم کیا گیا، امت کو مختلف طبقات میں تقسیم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہندوستان شکست کھا گیا، تاہم جنگ کے حوالے سے مختلف دعوے کیے گئے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...