سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے پاک جاپان معاہدہ طے

 سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے پاک جاپان معاہدہ طے

جاپانی حکومت دریائے سندھ پر حفاظتی اقدامات کیلئے 2.58 ارب ین دیگی لاڑکانہ میں اولڈ آباد بند کی بہتری ومضبوطی کیلئے خصوصی توجہ دی جائیگی

اسلام آباد (اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور جاپان کے درمیان دریائے سندھ پر سیلاب سے تحفظ اور حفاظتی اقدامات کی بہتری کے منصوبے کے لیے تبادلہ  نوٹس، ریکارڈ آف ڈسکشن اور گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے ۔وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تبادلہ نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری محمد حمیر کریم اور پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ گرانٹ معاہدے پر وزارت اقتصادی امور کی ایڈیشنل سیکرٹری سبینہ قریشی اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) پاکستان کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے ۔حکومت جاپان منصوبے پر عملدرآمد کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین، تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر، کی گرانٹ فراہم کر رہی ہے ۔ منصوبے کے تحت صوبہ سندھ کے علاقے لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کی بہتری اور مضبوطی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔سیکرٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے حکومت جاپان اور جاپانی عوام کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل دوستی، فراخدلانہ ترقیاتی معاونت اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پائیدار عزم کو سراہا۔ انہوں نے جاپان کو پاکستان کا دیرینہ اور قابل قدر ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں جائیکا کی تکنیکی مہارت، علمی معاونت اور مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراک جاری رکھے گی۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...